Friday, January 18, 2019

کامیاب لوگوں کی ناکام کہانی۔

:کامیاب لوگوں کی ناکام کہانی۔
 مجھے فلاپ فلمیں بہت پسند ہیں۔ دوست احباب جب کسی فلم کے بارے میں بتاتے ہیں کہ بالکل ڈبہ ہے، تو میری باچھیں کھل جاتی ہیں۔ پھر میں ٹائم نہ ہونے کے باوجود بھی کسی نہ کسی طرح وہ فلم دیکھ ہی لیتا ہوں۔ ایک دفعہ پتا چلا کہ ایک فلم بری طرح پٹ گئی ہے اور بس ایک دو روز میں سینما سے اتر جائے گی۔ میں نے پہلی فرصت میں ٹکٹ لیا اور سینما پہنچ گیا۔ گیلری کے دروازے پر ٹکٹ چیکر اونگھ رہا تھا۔ میں نے اسے ہلکا سا چھوا تو ہڑبڑا کر اٹھ بیٹھا۔ میں نے ٹکٹ اس کی طرح بڑھائی۔ اس نے حیرت سے میری طرف دیکھا پھر جماہی لیتے ہوئے بولا ’’کی گل اے؟‘‘۔ مجھے خود بھی بھول گیا کہ میں یہاں کیوں آیا ہوں۔ کچھ دیر ذہن پر زور ڈالا‘ پھر خوش ہو کر کہا ’’فلم دیکھنی ہے‘‘۔ ٹکٹ چیکر نے بیزاری سے ہاتھ ہلایا ’’جائو دیکھو لو‘‘۔ میں بوکھلا گیا ’’لیکن میری سیٹ تو بتا دو‘‘۔ اس نے نیم وا آنکھوں سے دیکھا اور گال پر خارش کی ’’جا جتھے مرضی بہہ جا‘‘۔ اور میں سمجھ گیا کہ فلم ’سپر پٹ‘ جا رہی ہے۔


اندر داخل ہوا تو خوشی اور بڑھ گئی۔ الحمدللہ میری توقعات کے عین مطابق سارا ہال کھچا کھچ خالی تھا۔ فلم شروع ہوئی تو تھوڑی ہی دیر بعد ایک اور صاحب میری ساتھ والی کرسی پر آکر بیٹھ گئے اور بڑے انہماک سے فلم دیکھنے لگے۔ میرا تجسس بڑھا کہ اتنی علانیہ فلاپ فلم دیکھنے والا یہ مردِ جری کون ہیں۔ انٹرول ہوا تو میں نے ان سے سلام لیا اور پوچھا کہ کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہ فلم فلاپ ڈکلیئر ہو چکی ہے؟ انہوں نے اثبات میں سر ہلایا۔ میں نے کنپٹی کھجائی ’’تو پھر بھی آپ اسے دیکھ رہے ہیں‘ کوئی خاص وجہ؟‘‘۔ انہوں نے غصے سے مجھے گھورا ’’صرف تمہاری وجہ سے دیکھ رہا ہوں‘‘۔ میں ساری بات سمجھ گیا۔ یقیناً انہوں نے مجھے ٹکٹ خریدتے دیکھا ہو گا تو سوچا ہو گا کہ فلم اچھی ہو گی۔ میں نے ان سے معذرت کی ’’معافی چاہتا ہوں لیکن آپ کو پہلے کسی سے پوچھ لینا چاہئے تھا کہ فلم کیسی ہے‘‘۔ وہ غرائے ’’مجھے پتا ہے فلم بکواس ہے‘ فلاپ ہے‘‘۔ میں بوکھلا گیا ’’لل…لیکن آپ تو کہہ رہے تھے آپ میری وجہ سے فلم دیکھ رہے ہیں؟‘‘۔ انہوں نے دانت پیسے ’’کیونکہ تم اٹھ کر جائو گے تو میری ڈیوٹی ختم ہو گی‘ میں نے ہال کو تالا لگانا ہے‘‘۔

میرے اکثر دوستوں کو شکایت ہے کہ میں کامیاب فلموں سے دور کیوں بھاگتا ہوں۔ اس کی دو وجوہ ہیں۔ ایک تو یہ کہ کامیاب فلمیں مجھے زہر لگتی ہیں۔ دوسری بلکہ تیسری وجہ بھی یہی ہے۔ فلاپ فلم بہت کچھ سوچنے پر مجبور کرتی ہے۔ مجھے کامیاب لوگوں کی کہانیاں بھی بہت بور لگتی ہیں۔ یہ چند لوگ ہوتے ہیں جو کروڑوں لوگوں کو بیوقوف اور جاہل ثابت کرکے خود کو نمایاں کر لیتے ہیں۔ یہی سب سے محنتی ہوتے ہیں‘ یہی زندگی کو سب سے الگ دیکھتے ہیں اور یہی کامیاب ہوتے ہیں۔ کامیاب لوگوں کی کہانیاں مسالا لگا کر بیچنا بڑا آسان ہے۔ مجھے مارکیٹ میں کوئی ایسی کتاب نظر نہیں آئی جس کا عنوان ہو ’’100ناکام ترین لوگ‘‘۔ ہر دوسری کتاب ’’ہاں تم کر سکتے ہو… کامیابی کے نسخے… کامیابی کی ضمانت… اور ناکامی کو کامیابی میں بدلیں‘‘ جیسے فارمولوں پر مشتمل ہے۔ میرا اندازہ ہے کہ آدھے سے زیادہ لوگ ان کتابوں کو پڑھ کر ناکامی کے عروج پر پہنچے ہیں۔ کسی کتاب میں یہ نہیں لکھا کہ ایک بندہ بھوکا مر رہا ہو تو وہ کیا کرے؟ کسی کے پاس نوکری نہیں تو وہ کہاں جائے؟ زور صرف محنت پر ہے لیکن محنت کس چیز پر؟… ہوائی باتیں‘ خیالی قلعے…!!!

پچھلے دنوں میرے ایک موٹیویشنل اسپیکر دوست نے فرمائش کی کہ میں ان کے نئے سیشن میں شرکاء کو کامیابی کے نسخے بتائوں۔ یہ کہتے ہوئے انہوں نے پچاس ہزار کا چیک میرے ہاتھ میں تھما دیا۔ ظاہری بات ہے اب تو انکار بالکل بھی ممکن نہیں تھا۔ میں نے ان سے ایک وعدہ لیا کہ میں اپنی مرضی سے بولوں گا اور وہ مجھے بولنے دیں گے۔ و ہ خوشی خوشی راضی ہو گئے۔ میں مقررہ وقت پر ہوٹل پہنچ گیا ۔ پتا چلا کہ کامیابی کے نسخے والے سیشن کے لیے فی کس 5ہزار روپے فیس رکھی گئی ہے اور کوئی دو سو کے قریب خواتین و حضرات یہ رقم ادا کرکے تشریف لا چکے ہیں۔ یہ سب کسی منتر کی تلاش میں جمع ہوئے تھے۔ انہیں یقین تھا کہ جب یہ یہاں سے نکلیں گے تو رکشے والے سے پہلے کامیابی اِن کے پاس آن کھڑی ہو گی۔ مجھے ڈائس پر بلایا گیا۔ میں نے ایک نظر حاضرین پہ ڈالی۔ ان کی نگاہوں میں عجیب سی بے بسی تھی‘ گویا ترس رہے ہوں کہ خدا کے لیے جلدی سے کامیابی کا نسخہ بتائو تاکہ زندگی کچھ آسان ہو سکے۔ میں نے پوچھا کہ کیا آپ سب لوگوں نے پانچ ہزار فی کس کے حساب سے آج کے سیشن کی فیس ادا کی ہے؟ سب کا مشترکہ جواب آیا ’’جی ہاں‘‘۔

’اللہ والیو! پہلے تو میں آپ کو بتا دوں کہ مجھے ایک گھنٹہ کے لیے آپ پر مسلط کیا گیا ہے تاکہ آپ پر کامیابی کا راز افشا کروں۔ اس کام کے لیے مجھے پچاس ہزار روپے دیئے گئے ہیں۔ یعنی آپ لوگ پانچ ہزار دے کر یہاں آئے ہیں جبکہ میں پچاس ہزار وصول کرکے یہاں کھڑا ہوں۔ پہلے تو ذہن میں بٹھا لیجئے کہ مالی طور پر اس وقت آپ ناکام ہیں اور میں کامیاب۔ گویا ناکام لوگوں کی مدد سے زیادہ آسانی سے کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔ آپ میں سے شاید ہی کوئی ایسا ہو جسے یہ بات پتا نہ ہو کہ زندگی میں محنت کرنی چاہئے‘ اپنے کام پر توجہ دینی چاہئے‘ اللہ سے دعا کرنا چاہئے‘ اپنی صلاحیتوں کو پہچاننا چاہئے وغیرہ وغیرہ۔ تو پھر آ پ مجھ سے کیا سننے آئے ہیں؟ یہ جو پانچ ہزار روپے آپ نے میری چکنی چپڑی باتیں سننے کے لیے خرچ کیے ہیں، ان سے آپ کی بہت سی چھوٹی موٹی پرابلمز حل ہو سکتی تھیں۔ بچوں کے کپڑے بن سکتے تھے‘ کچن کی چیزیں آ سکتی تھیں‘ ٹیلی فون وغیرہ کا بل ادا کیا جا سکتا تھا‘ گھر کی کوئی چیز مرمت کرائی جا سکتی تھی… لیکن نہیں… چونکہ آپ کے ذہن میں بٹھایا گیا تھا کہ پانچ ہزار خرچ کرکے آپ خزانے کا نقشہ پالیں گے لہٰذا آپ اچھل پڑے کہ اس سے آسان طریقہ بھلا کیا ہو سکتا ہے۔ تو بہنو، بھائیو! میں صرف یہی کر سکتا ہوں کہ آپ کو گھسی پٹی باتیں ذرا دلچسپ انداز میں سنا دوں۔ میں یہ تو بتائوں گا کہ زندگی میں اپنے کام پر فوکس کریں لیکن یہ مجھے نہیں پتا کہ ایک الیکٹریشن جو صرف اپنے کام کو ہی جانتا ہے اور اسی پر دھیان دیتا ہے وہ مزید فوکس کیسے کرے؟ میں یہ تو بتائوں گا کہ بس اللہ سے محبت کرنا شروع کر دیں لیکن یہ نہیں بتا سکتا کہ جو لوگ پانچ وقت کے نمازی بھی ہیں‘ ایماندار بھی ہیں‘ کام بھی دیانتداری اور محنت سے کرتے ہیں وہ کیوں ناکام ہیں۔ آپ سب کا یہاں ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ آپ اپنی ناکامی تسلیم کر چکے ہیں لہٰذا اب آپ جو بھی کہتے رہیں اس کی کوئی اہمیت نہیں۔ اتنی صلاحیت تو مجھ میں ہے کہ آپ کی ناکامی کو ثابت کرنے کے لیے آپ کی ہر بات میں ایک دلیل نکال کر پیش کر دوں کہ آپ اس وجہ سے ناکام ہیں۔ اپنی ناکامیوں کی تشہیر کریں گے تو میرے جیسا ہر بندہ آپ کی چھوٹی سی خامی کو سو سے ضرب دے کر پیش کرے گا۔ کامیاب بننا ہے تو ناکام لوگوں سے ملیں‘ فلاپ فلمیں دیکھیں… بڑی آسانی سے پتا چل جائے گا کہ خامی کہاں ہے۔ ناں بھی پتا چلے تو کم از کم مجھ سے نہ پوچھئے گا۔ میرے پاس کسی چیز کا دو ٹوک حل نہیں‘ صرف خوشنما باتیں اور احساسِ کمتری میں مبتلا کر دینے والی کہانیاں ہیں۔ اجازت دیجئے! مجھے ذرا چیک جمع کرانا ہے‘‘۔

Thursday, January 17, 2019

اور ککڑ چوری ہوگیا...

.....اور ککڑ چوری ہوگیا

پچھلے موسم گرما کی بات ہے. ہم گھر کے دالان میں مچھروں سے امن و امان کی ممکنہ صورتوں پہ بحث کرنے کے ساتھ ساتھ واپڈا والوں کو اچھے الفاظ میں یاد کر رہے تھے کہ ایسے میں حاجی یعقوب کی منجھلی صاحبزادی کا پیغام موصول ہوا. پتہ چلا کہ حاجی صاحب کا پڑوسی کے ساتھ دنگا ہوگیا ہے.لڑائی جھگڑوں میں چونکہ ہماری ریپوٹیشن بزدلی کی حد تک اچھی ہے اس لئے صاحبزادی نے مجھے پیغام بھیجا کہ بھائی آپ آجائیں نہیں تو ابا حضور اور قدوسی صاحب کے بیچ ہاتھا پائی ہوجائے گی. ہم بھاگم بھاگ وہاں پہنچے تو حالات دگرگوں پائے. وہاں پہلے تو دونوں اطراف سے ہماری کوئی بات سنے بغیر ہمیں دونوں قبیلوں کا شجرہء نسب زریں حروف میں سننے کو ملا. تاریخ کے اس نادر سبق کے بعد جب صورتِ حال سمجھنے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ حاجی صاحب کا اصیل مرغا چوری ہوگیا ہے. اب یہ واقعی سنجیدہ بات تھی کیونکہ وہ ککڑ بقولِ حاجی صاحب کے مرغوں کی اُس نسل سے تھا جو احمد شاہ ابدالی کی فوج جاسوسی کے لئے استعمال کرتی تھی. بات مزید کھلی تو پتہ چلا کہ حاجی صاحب اپنے پڑوسی قدوسی صاحب کے چرسی لونڈے پہ شک کر رہے ہیں. مذکورہ بالک کا ایسی کارروائیوں میں اپنا ایک نام تھا. بزرگانِ دین سے یہ بھی سنا ہے کہ اس چھوکرے کو مرغوں اور مرغیوں کو رام کرنے کا کالا علم آتا ہے. ورنہ جوان مرغے یا مرغی کو پکڑنا ہمالہ سر کرنے کے برابر ہے. بات شک تک ہوتی تو صورتحال قابو میں آجاتی. لیکن یہاں حاجی صاحب بروقت جوابی کارروائی کرنے کے قائل ہیں. ہوا یوں کہ جب ککڑ دو دن تواتر سے غائب رہا تو حاجی صاحب نے پچھلی دوپہر کو جب قدوسی صاحب بمع اہل و عیال کے مکئی کی روٹی ڈکار کے قیلولہ فرما رہے تھے، اپنے بڑے لڑکے کے ساتھ مل کر ان کے گھر کی دیوار پھلانگی اور قدوسی صاحب کی دودھیل بکری کھول کے لے گئے. قدوسی صاحب بکری کی تلاش میں نکلے تو اسحٰق نسوار فروش سے آگاہی ملی کی بکری آخری بار حاجی یعقوب کے ہمراہ دیکھی گئی ہے. قدوسی صاحب بکری لینے آئے تو حاجی صاحب اَڑ گئے. مکمل انجان بنے رہے. ہمارے آنے تک معاملہ کافی گرم ہوچکا تھا. قدوسی صاحب ککڑ سے بے خبر اور حاجی صاحب کو بکری کا کوئی پتہ نہیں. تاؤ میں آکر حاجی صاحب نے کہا کہ آپ کی بکری اور میرے ککڑ کا عرصہ دراز سے معاشقہ چل رہا تھا. قصور سراسر بکری کا تھا کیونکہ موصوفہ 6 بچوں کی امی واقع ہوئی تھیں اور ککڑ ابھی بلوغت کی حدود میں قدم رکھ رہا تھا. یہی وجہ تھی کہ پاس پڑوس کی مرغیوں نے حاجی صاحب کے گھر میں انڈے دینے چھوڑ دئیے تھے. مرغیاں عفت مآب واقع ہوئی تھیں. مطلب حاجی صاحب کا یہ تھا کہ بکری ککڑ کو بہلا پھسلا کر بھگا لے گئی ہے اپنے ساتھ. بہرحال ہم نے دونوں اصحاب کو ٹھنڈا کرکے گھر بھیج دیا. قدوسی صاحب کے لڑکے کے ساتھ ذاتی ملاقات کرکے اس کی جیب میں اپنی جیب سے پانچ سو کا نوٹ ٹھونس دیا. تب جاکے اُس بدبخت نے ککڑ کا پتہ بتا دیا. یہ تو اچھا ہوا کہ اس دور اندیش نے ابھی فروخت نہیں کیا تھا. ورنہ اس کا تاوان بھی ہمیں بھرنا پڑتا. اگلے دن ہم ککڑ کو بغل میں دبا کے حاجی صاحب کے ہاں چھوڑ آئے. بکری بازیاب کرائی اور اس کو قدوسی صاحب کے حوالے کر آئے. قدوسی صاحب بھلے آدمی ہیں. اسی بکری کا دودھ گرم کرکے پلایا. البتہ ککڑ کی سائیڈ سے کچھ حصول نا ہوا.

Monday, January 14, 2019

*ڈگری نہیں قابلیت*

*ڈگری نہیں قابلیت* 

ایک نوجوان سُقراط کے پاس آیا اورکہا کہ مجھے اتنا ہی علم چاہیے جتنا آپ کے پاس ہے۔ سُقراط اس نوجوان کو لے کر دریا کنارے پہنچا اور اس کو کہاکہ دیکھو پانی میں کیا نظر آ رہا ہے؟اس نوجوان نے جیسے ہی سر نیچے کیا سُقراط نےاس کا سر پانی میں ڈبو دیا اور تھوڑی دیر بعد باہر نکالا تو وہ نڈھال ہو کر زمین پر گر گیا سُقراط نے اس سے پوچھا تمہیں کس چیز کی ضرورت سب سے زیادہ محسوس ہو رہی تھی؟اس نے ہانپتے ہوئے جواب دیا سانس اور ہوا کی سُقراط مسکرایا اور بولا “جس دن علم کی تڑپ اور پیاس بھی ہی اتنی شدت سے محسوس ہو میرے پاس آ جانا مجھ سے زیادہ علم تمہیں نصیب ہو جائے گا”۔

گلاس ڈور دنیا کہ جاب تلاش کرنے والی سب سے بڑی ویب سائٹ ہے پچھلے دنوں گلاس ڈور نے سی این بی سی کو ایک سروے فراہم کیا جس میں بتایا گیا کہ دنیا کی چودہ بڑی کمپنیوں نے نوکری کے اشتہارات میں سے چار سالہ ڈگری کی شرط کو نکال دیا ہے ۔ ان کمپنیوں میں مائیکرو سافٹ، ایپل،آئی- بی- ایم، بینک آف امریکہ اور اسٹاربکس سمیت مزید 9 ادارے شامل ہیں ۔آئی- بی- ایم کی چیف ایگزیکٹو کا دعویٰ ہے کہ ہمارے ایک تہائی ملازمین کے پاس چار سالہ ڈگری نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ڈگری کے نام پر قابلیت کو ضائع نہیں کر سکتے۔
کاش کہ کوئی ہمارے نوجوانوں کو سمجھائے کہ “اسکوپ” دنیا کی کسی فیلڈ میں نہیں ہوتا ہے۔ “اسکوپ” آپ کے اپنے اندر ہوتا ہے۔ آپ جتنے قابل ہوتے چلے جاتے ہیں آپ کا “اسکوپ” اُتنا بڑھتا چلا جاتا ہے۔چاہے آپ ففٹی موٹرسائیکل پر “مصالحے” ہی کیوں نہ بیچتے ہوں۔ ایک دن آپ “شان مصالحے” بنالیتے ہیں۔آپ زیادہ محنت کرکے زیادہ وقت لگا کر زیادہ ترقی نہیں کر سکتے بلکہ آپ اپنی قدر اور ویلیو بڑھا کر زیادہ ترقی کر سکتے ہیں کیونکہ 24گھنٹے دنیا میں سب کو برابر ملتے اور روز چودہ گھنٹے سورج ہم سب کے لئے بالکل برابر سے چمکتا ہے۔ اگر آپ آگے بڑھنا چاہتے ہیں ترقی کرنا چاہتے ہیں تو آپ کو ڈگری کی نہیں قابلیت کی 
ضرورت ہے۔
Namaloom

Sunday, January 13, 2019

پولیس POLICE کا مطلب کیا ؟

پولیس POLICE کا مطلب کیا ؟

خواب اور خیال /پرکاش سونی

شہریوں کی جان و مال عزت و ناموس  اور قومی املاک کی حفاظت کی غرض سے دنیا کو پولیس کا نظام  مسلم ریاست مدینہ نے دیا ٠  اس بارے میں دو روایات ملتی ہیں پہلی روایت یہ ہے کہ  حضرت عمر فاروق رضہ نے پولیس فورس کا قیام عمل میں لایا جبکہ دوسری روایت میں ہے کہ یہ نظام حضرت امیر معاویہ رضہ نے نافذ کیا ٠   بہرحال یہ نظام دنیا کیلیٸے ایک بہترین تحفہ ہے ٠   چوں کہ پولیس کی ابتدا عرب ریاست سے ہوٸی اس لیۓ اس کا عربی میں کوٸی دوسرا نام ہوگا  لیکن اس وقت دنیا بھر میں چند ایک ممالک کے سوا ہر جگہ پولیس نظام قاٸم ہے٠


پولیس اس وقت پوری دنیا میں انگریزی لفظ میں   مستعمل ہے  .  POLICE   جن الفاظ کا مخفف ہے اور ان کے جو معانی ملتے ہیں وہ کچھ اس طرح ہیں ٠   Polite بمعنی شاٸستہ مہذب  خوش اخلاق اور خوش مزاج  Obedient یعنی  مطیع فرمانبردار  تابع اور حکم بردار  Loyal  بمعنی خیر خواہ  باوقار  اور فرض شناس   Intelligent  کے معنی عقلمند  فہیم  ذہین اور ہوشیار   Courageous یعنی بہادر  دلیر  حوصلہ مند  اور Efficient بمعنی  مٶثر  قابل لاٸق اور اثر پذیر کے ہیں 

اس کے علاوہ پولیس دیگر انگلش الفاظ کا بھی مخفف ہے اور وہ بھی مناسب اور موزوں لگتا ہے اور وہ یہ ہے ٠
Public officer  for leagal invistigations & criminal Emergencies .  
یعنی ایسا عوامی آفیسر جو قانونی تحقیقات اور مجرمانہ ہنگامی صورتحال سے  نمٹتا ہے ٠     اور حقیقت میں پولیس کے شعبے میں ایسی ہی خداداد صلاحیت کے حامل مرد و خواتین پولیس افسران اور اہلکاروں کی ضرورت ہے ٠   اس وقت ترقی یافتہ ممالک میں تو پولیس اہلکاروں اور افسران کی کی کارکردگی قابل رشک اور قابل تحسین ہے مگر ترقی پذیر ممالک یا تیسری دنیا کےممالک جن میں  پاکستان بھی شامل ہے پولیس کی مجموعی کارکردگی قابلِ افسوس ہے٠ 

برطانیہ سمیت یورپ و دیگر ترقی ممالک میں پولیس ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے  ٠  جہاں ضرورت پڑنے پر پولیس کا ایک عام اہلکار بھی ملک کے صدر اور وزیر اعظم کی گاڑی روک بھی سکتا ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ بھی کر سکتا ہے اور گاڑی کو چالان بھی کر سکتا ہے ٠   ضرورت پڑنے پر ایک چھوٹا سا پولیس آفیسر  برطانیہ کے وزیراعظم کی تفتیش بھی کر سکتا ہے اور پوچھ گچھ بھی کر سکتا ہے اور اس کے گھر کی تلاشی بھی لے سکتا ہے ٠  ایسی صورت میں وزیراعظم نہ صرف بُرا نہیں مناتا ہے بلکہ وہ قانون کے احترام میں  اس پولیس آفیسرسے مکمل تعاون کرتا ہے ٠  پولیس آفیسر اور اہلکاروں کو  اس عمل کے دوران اپنے صدر یا وزیراعظم وغیرہ سے کسی بھی قسم کا خوف اور خطرہ  محسوس نہیں ہوتا ٠ اس کو اپنے ملکی آٸین اور قوانین پر بھرپور اعتماد ہوتا ہے ٠ 

پاکستان سمیت تیسری دنیا  یا ترقی پذیر ممالک کی پولیس  فرسودہ نظام کے باعث ایک طرف خود اپنے حکمرانوں سے خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہے تو دوسری جانب اسی نظام کے باعث ملک کا عام شہری اپنے ملک اور ریاست کی پولیس سے خوف اور عدم تحفظ کے احساس کا شکار ہے ٠  ہمارے یہاں وزیر اعظم اور صدر مملکت تو درکنار  پولیس اہلکار کسی وزیر مشیر اور کمشنر  یا ایم پی اے اور ایم این اے وغیرہ کی تلاشی لینے چالان کرنے یا گرفتار کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا ٠   ابھی یہ 2 برس کی ہی بات ہے کہ 2017  میں کوٸٹہ میں پشتونخواہ پارٹی کے رکن صوباٸی اسمبلی عبدالمجید اچکزٸی نے غرور اور تکبّر میں ٹریفک اہلکار پر گاڑی چڑھادی جس سے وہ موقع پر ہی جانبحق ہو گیا اور اس ایم پی اے  کا ہمارا کچھ بھی نہ بگاڑ سکا ٠   ہمارے یہاں ایک طرف پولیس اہلکار اور افسران کو طاقتور شخصیات کی تفتیش پر مختلف طریقوں اور حربوں سے قتل کر کے راستے سے ہٹایا جاتا ہے  تو دوسری جانب ہماری پولیس طاقتوروں کے ایما پر اپنے وقت کی  وزیراعظم بینظیر بھٹو کے بھاٸی  میر مرتضیٰ بھٹو کو دن دہاڑے قتل کر دیتی ہے ٠    اپنے دٶر کے طاقتورترین چیف جسٹس افتخار چودھری کا گریبان پکڑ کر دھکے دیتی ہے ٠ جبکہ جعلی مقابلوں میں اپنی ریاست کے کمزور شہریوں  کو قتل کرنے کا معمول عام ہو چکا ہے ٠  جبکہ ایک جاگیردار کا بیٹا کراچی میں ایک ڈی ایس پی کی بیٹی سے چھیڑ خوانی پر اس کے بھاٸی کی جانب سے  مزاحمت کرنے پر فاٸر کر قتل کر دیتا ہے ٠ 

سندھ اور پنجاب میں پولیس کے مظالم اور زیادتیاں بھی عام ہیں  سندھ میں زیادہ تر پولیس کے مظالم اور زیادتیوں سے تنگ آ کر متاثرہ افراد ڈاکو بن جاتے ہیں اور پھر وہ سراپا انتقام بن کر پولیس کو ٹارگٹ بناتے ہیں  اس حوالے سے ماضی میں سندھ میں بدنام زمانہ ڈاکو پرو چانڈیو اور ماسٹر کھوسو مشہور ہیں ٠   سندھ میں پولیس عام شہریوں کیلیٸے خوف اور دہشت کی علامت بنی ہوٸی ہے ٠ 

مجموعی طور پر پاکستانی پولیس ظالم بھی ہے مظلوم بھی ہے ٠  یہاں ایسا نظام ہے کہ یہی پولیس  اپنے حاکم کے حکم پر محترمہ نصرت بھٹو محترمہ بینظیر بھٹو   اور عوامی شاعر حبیب جالب پر سرعام سڑکوں پر لاٹھیاں برساتی ہے ٠  ماڈل ٹاٶن لاہور میں  لاٹھی اور گولی دونوں چلاتی نظر آتی ہے ٠  یہی پولیس کبھی نواز شریف اور شہباز شریف کے حکم کی تعمیل کرتی ہے تو کبھی  جنرل مشرف اور ابھی عمران خان   عثمان بزدار اور چودھری فواد کے حکم پر نواز شریف اور شہباز شریف پر حکم چلاتی ہے ٠    عمومی طور پر ہماری پولیس کو ریموٹ کنٹرول کی طرح چلایا اور استعمال کیا جا رہا ہے ٠  پولیس کا جو اصل فرض ہے اور جو اصل ذمیداری ہے وہ اس کو کرنے نہیں دیا جاتا ٠ 

کرپشن کے حوالے سے  بھی ہماری پاکستانی پولیس  بہت بدنام ہے ٠   حالانکہ پولیس میں دیانتدار فرض شناس اور بااصول اور بہادر آفیسر  اور اہلکار بھی پاٸے جاتے ہیں ٠  وہ اپنی خواہشات اور ضروریات اور ہر قسم کے تعلقات پر اپنے فرض کو مقدّم اور مسلّم سمجھتے ہیں اور فرض پر قربان بھی ہو جاتے ہیں  ٠ جن کی فرض شناسی اور قربانیوں کی وجہ سے   پولیس کا وقار قاٸم رہتا ہے ٠ 

اس مثبت پہلو کے باوجود     پولیس میں کرپشن بھی بہت ہے ٠  یہ کوٸی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ ہمارے ملک کے اکثر پولیس تھانے  پولیس چوکیاں اور جیلیں فروخت ہوتی ہیں ٠   ڈی آٸی جی اور ایس ایس پیز کو اپنے ایس ایچ اوز یا جیل سپرنٹنڈنٹس  سے  ” ماہانہ “ وصول کرتے ہیں  جو لاکھوں اور کروڑوں میں ہوتے ہیں ٠  جب ایسی صورتحال ہو تو لازمی طور پر ایس ایچ اوز اور جیل سپرنٹنڈنٹس    اپنے حکام بالا کی  منتھلی پوری کرنے کیلیٸے ہر ناجاٸز حربہ استعمال کرتے ہیں اور پھر اپنے لیٸے بھی  محنت کرتے ہیں ٠   جبکہ اس کے برعکس دیانتدار ڈی آٸی جیز اور  ایس ایس پیز یا ڈی پی اوز بھی ہیں لیکن  ان کی تعداد بہت کم ہے ٠ 

ہمارا سیاسی اور پولیس نظام ایسا ہے کہ  پولیس افسران اپنی پُرکشش پوسٹنگ کیلیۓ ایم پی اے اور وزرا  کے در پر حاضری دیتے ہیں  اور پھر ان کی پوسٹنگ کیلیۓ  ایم پی ایز اور وزرا  یا مشیر  صاحبان وزیر اعلیٰ کے در پر حاضری دیتے ہیں ٠   آٸی جی پولیس  چونکہ ارکان اسمبلی یا وزرا کو خاطر میں نہیں لاتے  اس لیۓ  وہ  وزیر اعلیٰ کی خدمت میں حاضر ہوتے ہیں ٠  من پسند پوسٹنگ کے بعد  متعلقہ وزیر یا ایم پی اے   ایس پی اور ایس ایچ او اپنے علاقہ کا بادشاہ بن جاتے ہیں ٠  ایسی صورت میں کرپشن اور زیادتیوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ٠ قانون صرف کتابوں میں محفوظ ہوتا ہے اور پھر پولیس اپنے اصل فرض اور مقصد سے ہٹ جاتی ہے ٠ 

ضرورت اس امر کی ہے کہ  پولیس میں اصلاحات لاٸی جاٸیں ٠ پولیس کو سیاسی و دیگر بیرونی قوتوں کی مداخلت سے  آزاد کیا جاۓ ٠  تمام بھرتیاں تقرّریاں تعیناتیاں اور تبادلے میرٹ پر کیۓ جاٸیں تو پھر لازمی طور پر ہماری پولیس کا شمار دنیا کی بہترین پولیس میں ہوگا  ٠ قانون کی بالادستی قاٸم ہو جاۓ گی  ٠ پولیس کا وقار بلند ہوگا اور پولیس اپنے اصل فراٸض بہتر طور پر سرانجام دینے کے قابل ہو جاۓ گی

Saturday, January 12, 2019

لوگوں کو امید سے خالی دکھانا پروپیگنڈے کا حصّہ ہے

لوگوں کو امید سے خالی دکھانا پروپیگنڈے کا حصّہ ہے۔
 *ارون دھتی رائے*

 _نوٹ_ : ہندوستانی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والی ملیالم دانشور،ادیبہ ارون دھتی رائے کا تازہ ترین انٹرویو 3 جنوری سن2018ء کو ‘بوسٹن لٹریری ریویو’ کی ویب سائٹ پہ شایع ہوا۔ یہ انٹرویو اس ادبی۔سیاسی جریدے کے ‘ایول ایمپائر/ برائی کی سلطنت’ نمبر کا حصّہ ہے۔ اسی انٹرویو کے اکثر حصوں کا ترجمہ یہاں شایع کیا جارہا ہے۔

اس انٹرویو کی پاکستان کے ادبی و سیاسی منظرنامے میں اپنی ایک اہمیت بنتی ہے۔ ارون دھتی رائے ان چند ایک آزاد اور باغی دانشور اور ادیبوں میں سے ایک ہیں، جن کا خیال یہ ہے کہ کارپوریشنوں، ملٹی نیشنل کمپنیوں اور نیولبرل ریاستوں کی سپانسر شپ کے ساتھ ہونے والے ادبی میلے، کانفرنسز جن میں بڑے بڑے منحرف دانشور اور ادیبوں کو بلاکر بظاہر باغیانہ خیالات کے اظہار کی اجازت دی جاتی ہے،وہ بھی احتجاج، بغاوت اور مزاحمت کو بے اثر بنانے کا کارپوریٹ حربہ ہیں۔

ارون دھتی رائے بی جے پی کے بارے میں کسی شک و شبہ میں نہیں ہیں،وہ اس کو ہندؤ راشٹریہ بنانے کی داعی آر ایس ایس کا سیاسی بازو خیال کرتی ہیں۔ پاکستان میں جماعت اسلامی سمیت سنٹر رائٹ کی مذہبی سیاسی جماعتیں تو ایک طرف، یہاں پہ سپاہ صحابہ پاکستان/ اہلسنت والجماعت جیسی آر ایس ایس ٹائپ کی جماعتوں کے بارے میں بھی لبرل اور لیفٹ کے ایک حصّے کا رویہ منافقانہ ہی ہے۔

 ارون دھتی رائے ہندوستان کو ہندوتوا اور لبرل ازم کے باہمی میلاپ سے بننے والی کارپوریٹ نیشن سٹیٹ کے ایجنڈے بارے کسی غلط فہمی کا شکار نہیں ہیں۔ اور نہ ہی وہ ہندؤ راشٹریہ کے سیوکوں کی دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مظلوموں کے اندر سے ہونے والے چند ایک تشدد کے نمونوں کو لیکر بیلنس کرنے کی پالیسی لیکر آتی ہیں، اگرچہ وہ اس ناجائز متشدد ردعمل کو بھی جائز نہیں کہتیں۔ ان کا کہنا ہے جس قسم کی منتشر، بکھرے ہوئی صورت حال کا ہمیں سامنا ہے، اسی بکھرے ہوئے عمل کی کہانی لکھنا ہی آج کے ادیب کا فریضہ ہے۔

ان سے یہ انٹرویو ایونی سیج پال نے کیا، جو آپ انگلش لٹریچر گریجویٹ ہیں اور وہ بوسٹن ریویو کی سابقہ ایسوسی ایٹ ایڈیٹر رہی ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

ایونی سیج پال: آپ نے ایک بار لکھا تھا کہ ‘جارج بش نے وہ کارنامہ (چند سالوں) میں سرانجام دے ڈالا،جس کے لیے لکھاری،محقق اور ایکٹوسٹ کئی عشروں سے کوشش کررہے تھے۔ اس نے (ساری) پائپ لائنوں کو آشکار کردیا۔ اس نے امریکی ریاست کے غارت گر آپریٹس کے کل پرزوں، نٹس اور بولٹ کا ایک مکمل نقشہ عوام کے سامنے رکھ دیا۔’ یہ کہنے سے آپ کا مطلب کیا تھا؟ اب جبکہ اس بات کو کہے دس سال گزر گئے اور دو مزید صدور آگئے، کیا امریکی سلطنت کی غارت گرد فطرت ویسے ہی شفاف نظر آتی ہے؟  

ارون دھتی رائے: میں بش کے کھردری اور ذہانت کی کمی کے ساتھ کی گئی اس کمنٹری کا حوالہ دے رہی تھی جو نائن الیون کے واقعات کے بعد اور اس کے ساتھ افغانستان و عراق پہ حملے کے میدان میں کی گئی۔ اس نے امریکہ کے اندر ڈیپ اسٹیٹ سوچ کو بے نقاب کرڈالا۔ ایسی شفافیت اوبامہ کے ادوار میں ویسے ہی غائب ہوگئی، جیسے ڈیموکریٹس کے دور اقتدار میں عمومی طور پہ یہ غائب ہوجایا کرتی ہے۔ اوبامہ کے ادوار میں ہمیں معلومات کی کھوج لگانا پڑتی اور یہ دیکھنے کے لیے کہ کتنے بم برسائے گئے اور کتنے لوگ مارے گئے کے لیے مختلف ٹکڑوں کو جوڑنا پڑتا تھا اگرچہ نوبل انعام کے لیے کي گئی مقبول تقریر کو شاندار طریقے سے ادا کی گئی تھی۔ ان کی ملک کے اندر پالیسیاں مختلف ہونے کے باوجود،یہ بھی ‎سچ ہے کہ ڈیموکریٹس کی خارجہ پالیسی بھی ریپبلکن کی طرح جارحانہ سے جارحانہ ہی ہوتی چلی گئیں تھیں۔نائن الیون کے بعد سے،بش اور اوبامہ کے ادوار کے دوران، کتنے ممالک برباد ہوئے؟ اور اب ٹرمپ کا دور ہے، جس میں،ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ ذہانت و نفاست بے کار کی چیزیں ہیں۔اور وہ جو ڈبلیو تھا،جب اس کا ٹرمپ سے موازانہ ہوتا ہے،تو وہ زرا سنجیدہ دانشور تھا۔ اب امریکہ کی پالیسی دنیا کو ٹویٹ کی جاتی ہے گھنٹہ بہ گھنٹہ کی بنیاد پہ۔ اب اس سے زیادہ تو آپ شفاف نہیں ہوسکتے نا۔ تو یہ مبہم غارت گری ہے۔ کس نے سوچا ہوگا کہ ایسا ممکن ہوسکتا ہے؟ لیکن یہ تو ممکن ہوگیا  بلکہ ممکن سے بھی کہیں زیادہ۔اور یہ اس سے بھی کہیں زیادہ تیزی سے ممکن ہوجائے گا اگر ٹرمپ نے ایران پہ حملہ کردیا تو۔

اے ایس: آپ کے دو ناول ‘گاڈ آف سمال تھنگز اور دا منسٹری آف اٹ موسٹ ہیپی نیس’ دو الگ الگ عشروں میں شایع ہوئے ہیں۔ ان دونوں ناولوں کے مابین اسلوبیاتی فرق کی نشاندہی ہوئی ہے۔ جبکہ دونوں سیاست اور تشدد بارے بات کرتے ہیں لیکن پہلے والا ناول غنّائی حقیقت پسندی کا حامل کہا جاتا ہے۔ جمال اس کے غالب استغراق میں سے ایک ہے اور اس کا اختتام بھی خوش کن نوٹ پہ ہوتا ہے۔ منسٹری آف اٹ موسٹ ہیپی نیس، دوسری طرف، زیادہ عاجل، منتشر اور روکھا ناول ہے، جہاں پہ رائيگانی کا دور دورہ ہے۔ مابعد کالونیل اور گلوبل ناول میں غنائی حقیقت  پسندی کو غالب رکھتے ہوئے کیا غلبے کے عالمی نظاموں کو مختلف طریقے سے بیان کرنے کی ضرورت کے بارے میں بیان آپ کا اسلوبیاتی انتخاب تھا؟ کیا ناول ہندوستانی انگريزی فکشن میں حقیقت باصرہ کے بارے دوبارہ سے سوچ و بچار کرنے کی بالواسطہ دعوت ہے؟   

رائے: دونوں ناول مختلف اقسام کے ہیں۔ کہانی کو بیان کرنے کے لیے ان کو دو مختلف طریقے درکار ہیں۔ دونوں، زبان نامیاتی طور پہ جیسے نمودار ہوئی، ویسے ہی میں نے ان کو لکھا ہے۔ میں شعوری طریقے سے واقعی ‘ اسلوبیاتی انتخابات’ سے واقف نہیں ہوتیں۔ ‘ گاڈ آف سمال تھنگز’، میں نے زبان کی طرف اپنا طریقہ جو محسوس کیا وہ وہی ہے جو انگریزی اور ملیالم دونوں ہی رکھتا ہے۔ اور یہی وہ طریقہ تھا جس سے اس مقام اور وہاں کے لوگوں کی کہانی بیان ہوسکتے تھے۔ جبکہ دا منسٹری آف اٹ موسٹ ہیپی نیس زیادہ خطرات کا حامل وینچر تھا۔ اسے لکھنے کے لیے، مجھے ایک بہت اونچی عمارت کی چھت سے گاڈ آف سمال تھنگز کی زبان کو گرانا پڑا اور پھر نیچے بھاگ کر اس کو دوبارہ سے اکٹھا کرنا پڑا۔ یہ ناول لکھا تو انگريزی میں گیا، لیکن اس کا تخیل کئی زبانوں میں تھا۔۔۔۔ ہندی، اردو،انگریزی۔

میں ایسے ناول کو لکھنے کی کوشش کرنا چاہتی تھی جو محض ایک ایسی کہانی تک محدود نہ ہو جو چند کرداروں کے زریعے سے بیان کی گئی ہو جو ایک خاص پیش آمدہ صورت حال کے خلاف لائیو پلے کرتے ہوں۔ میں نے ناول کی ایسی بیانیہ ہئیت کو تصور کرنے کی کوشش کی گویا یہ دنیا میں مرے حصّہ کے عظیم میٹروپول ہوں۔ قدیم، جدید، مربوط اور غیر مربوط۔ ہائی ویز۔ تنگ پگڈنڈیوں، پرانے صحن اور نئی روش۔ ایسی کہانی جس میں آپ کھوجاتے ہیں اور آپ کو اس میں سے واپس آنے کے لیے تگ و دود کرنا پڑتی تھیں۔ ایسی کہانی جس کے اندر قاری کو رہنا پڑتا ہے، نہ کہ اس میں تحلیل ہونا۔ ایسی کہانی جس میں نے لوگوں کو سگریٹ پینے کے لیے رکے بغیر اور ہیلو کہنے جیسے ماضی سے گزارنے کی کوشش نہیں کی۔ ایسی کہانی ہے جس میں چھوٹے سے چھوٹے کردار بھی آپ کو اپنے نام، اپنی کہانیاں سناتے ہیں، وہ جہاں سے آتے ہیں،جہاں وہ جانے کی خواہش رکھتے ہیں بارے بیان کرتے ہیں

میں مانتی ہوں، دوسرا ناول بکھرا ہوا اور عاجل سا ہے۔۔۔۔مجھے قریب دس سالوں میں لکھے گئے ایک ناول کو ‘عاجل۔ارجنٹ’ بتانے والا خیال بھاتا ہے۔۔۔۔ لیکن میں اسے روکھا نہیں کہوں گی۔ اکثر کردار،آخرکار،عام مقامی لوگ ہیں جو روکھے پن کے آگے سرنڈر کرنے سے انکار کرتے ہیں،جو ان کے اردگرد ہے، جو ہر طرح کے عامی پیار ، مزاح اور فحش گوئی پہ اصرار کرتے ہیں، جو سب لچکدار طریقے سے غیرمتوقع مقامات پہ فروغ پاتے ہیں۔ دونوں کتابوں میں کرداروں کی زندگی، محبت، غم، مایوسی اور امید بہت سختی سے ایک دوسرے سے نتھی ہے، اور کافی ناپائیدار ہیں،مجھے یقین نہیں ہے کہ میں ان دونوں ناولوں میں سے کسے زیادہ روکھا جانتی ہوں اور ان میں سے کس کو زیادہ امید افزا۔

میں ان میں سے کچھ درجہ بندیوں میں نہیں سوچتی، جن میں آپ نے مجھ سے سوال کیا ہے۔ مثال کے طور پہ،مجھے بالکل بھی نہیں پتا کہ ‘گلوبل ناول’ کیا ہوتا ہے۔ میں تو اپنے دونوں ناولوں کو بہت زیادہ مقامی سمجھتی ہوں۔ مجھے تو حیرانی ہے کہ وہ کتنی اسانی نے ثقافتوں اور زبانوں میں سفر کرلیے ہیں۔ دونوں ناولوں کا 40 سے زیادہ زبانوں میں ترجمہ ہوچکا ہے۔ لیکن کیا محض اس سے یہ ناول گلوبل یا عالمگیر ہوگئے ہیں؟ اور پھر اصطلاح ‘پوسٹ کالونیل/مابعد نوآبادیات پہ بھی حیران ہوں۔ میں نے بھی اکثر اسے استعمال کیا، لیکن کیا کالونیل ازم۔نوآبادیات ماضی کا قصّہ ہوچکی ؟ دونوں ناول مختلف طریقوں سے سوال کو منعکس کرتے ہیں۔ بہت سی اقسام کے پیوست اور انجانے کالونیل ازم ۔ نوآبادیاتی نظام اب بھی موجود ہیں۔ کیا ہم ان کو ہک  سے نیچے گرنے نہیں دے رہے؟ یہاں تک کہ ‘ ہندوستانی انگریزی فکشن’ بھی بظاہر بہت دلکش قسم لگتی ہے۔ لیکن اس کا حقیقی معنی ہے کیا؟

جسے ہم ہندوستان کہتے ہیں، اس ملک کی سرحدیں تو فرنگیوں نے کھنچیں تھیں۔ ‘ ہندوستانی انگریزی’ کیا ہے؟ کیا یہ پاکستانی انگریزی یا بنگلہ دیشی انگریزی سے مختلف  ہے؟ کشمیری انگریزی؟ ہندوستان میں 780 زبانیں بولی جاتی ہیں، جن میں سے باقاعدہ تسلیم شدہ 22 زبانیں ہیں۔ ہماری زیادہ تر اںگریزیاں ہماری ایک یا ایک سے زائد ان زبانوں سے مشابہت سے باخبر ہیں۔ میری کتابوں کے کردار بہت سی زبانوں میں بولتے ہیں، اور ایک دوسرے میں اس کو ترجمہ کرتے ہیں۔ میری تحریر میں، ترجمہ، تخلیق کا بنیادی عمل ہے۔ وہ اور خود مصنف بھی ترجمے کی زبان میں جیتے ہیں۔ سچی بات ہے، میں اپنے آپ کو ‘ہندوستانی انگریزی فکشن’ کی ادیب نہیں سمجھتی۔ مجھے تو لگتا ہے کہ میرا فکشن تو ایک ایسے مقام سے آتا ہے جو قدیم ترین بھی ہے، اور ساتھ جدید بھی ہے اور یہ اقوام کے تصور سے بہت کم کھوکھلا ہے۔

کیا دا منسٹری آف اٹ موسٹ ہیپی نیس ہندوستانی انگريزی ناول میں حقیقت باصرہ کی پیشکش کو دوبارے سے سوچنے کی دعوت ہے؟ شعوری طور پہ تو ایسا نہیں ہے۔ لیکن ایک ادیب کے شعوری ارادے تو ایک کتاب آخرکار جس شکل میں مکمل ہوتی ہے،اس کا ایک حصّہ ہوتی ہے۔ جب میں فکشن لکھتی ہوں تو میرا صرف مقصد ایک ایسی کائنات تخلیق کرنا ہوتا ہے، جس میں میں قاری کو چلنے پھرنے کی دعوت دیتی ہوں۔

اے ایس: آپ کے دوسرے ناول کے آخر میں ایک کردار سوال کرتا ہے: “ایک بکھری ہوئی کہانی کو کیسے بیان کیا جائے؟” ناول ایسے کرداروں سے بھرا ہوا ہےجن کی زندگیاں قومی منظرناموں کی محدودیت کے سبب محدود کردی یا کمتر بنادی گئی ہیں۔ اور پھر بھی ان کی کہانیاں مزاح،اشتعال، فعالیت اور توانائی سے بھری ہوئی ہیں۔ آپ ایک ایسے وقت میں جب لوگوں کو مسلسل نیو امپریل نیشن سٹیٹس کے بیانیے اٹھاکر پھینک رہے ہیں، داستان گوئی تک کیسے پہنچ جاتی ہیں؟

رائے: قومی منظرنامے اور نیشن سٹیٹس بیانیے اس صورت حال کا صرف ایک جزو ہیں جس سے میرے ناول کے کردار نبردآزما ہیں۔ ان کو دوسرے بور کردینے والے اور محدودیت کے حامل کئی اقسام کے تصورات سے بھی معاملہ کرنا پڑتا ہے۔۔۔۔۔ جیسے جات پات کے تصور، مذہبی تعصب، صنفی سٹیریو ٹائپنگ سے۔ متھ جو تاریخ کا نقاب پہنے ہوئے ہو یا تاریخ جو متھ کا نقاب پہنے ہوئے ہو سے۔یہ خطرناک کاروبار ہے اور ایک خطرناک کہانی کو بیان کرنا ہے۔ آج کے ہندوستان میں ‘کہانی کہنا’ نہ صرف ریاستی عتاب کو دعوت دینا ہے بلکہ مذہبی جنونیوں، جاتی گروپوں، اخلاقیات کے محافظوں اور سب سے بڑھ کر بلوائیوں کے عتاب کو دعوت دینا ہے، جن کو سیاسی تحفظ حاصل ہوتا ہے، جو سنیما ہال جلاڈالتے ہیں، جو ادیبوں کو ان کے ناولوں سے دست بردار ہونے پہ مجبور کرڈالتے ہیں، جو صحافیوں کی ہتھیا/قتل کردیتے ہیں۔ سنسرشپ کی یہ متشدد شکل اب قابل قبول سیاسی تحرک کا طریق بنتا جارہا ہے اور ایک دستوری عمارت کی شکل اختیار کرتا جاتا ہے۔ادب، سینما اور آرٹ کے ساتھ اب ایسے سلوک کیا جاتا ہے، جیسے پالیسی بیانات یا پارلیمنٹ سے منظوری کے منتظر قانونی مسودے ہوں اور ان کو لازمی ہر ایک خود ساختہ سٹیک ہولڈر کے خیال کے مطابق کہ کیسے وہ، ان کی برادری ، ان کی تاریخ یا ان کے وطن کو دکھایا جائے کے عین مطابق ہونا چاہئیے۔ اور کوئی حیران کن بات نہیں ہے کہ ہر قسم کا تعصب امنڈتا چلا جارہا ہے اور ان کے خلاف ہوتا جارہا ہے،جن کی کوئی سیاسی حمایت پشت پہ نہیں ہے یا ان کے پاس کوئی منظم حلقہ نہیں ہے۔ میں نے حال ہی میں ایک ملیالم فلم کیرالہ جیسی ترقی پسند ریاست میں دیکھی، جس کا نام تھا ‘ ابراہیم کے بیٹے’۔ اس میں کمینے، ذلیل ولن سب کے سب کالے افریقی تھے۔ کیرالہ میں کیونکہ افریقی کمیونٹی نہیں ہے، تو اس قسم کی نسل پرستی کا کھیل رچانے کے لیے فکشن میں ان کو درآمد کیا گیا۔ ہم اس قسم کی چیز کا الزام محض ریاست کو نہیں دے سکتے۔ یہ سماج ہے، یہ لوگ ہیں۔ فنکار، فلم ساز، اداکار،لکھاری ۔۔۔۔ جنوبی ہندوستانی جن کو شمالی ہندوستانی ان کی سیاہ جلد کے سبب برا بھلا کہتے ہیں بدلے میں اسی طرح کی وجوہات کے سبب افریقیوں کو ذلیل کرتے ہیں۔ بہت عجیب و غریب ہے یہ۔

ایسےماحول میں لکھنا، فلمیں بنانا یا حقیقی صحافت کرنا خاصا ڈرادینے والا عمل ہے۔ قریب پہنچتے ہوئے بلوائیوں کی بھنبھاہٹ ایک مستقل  بیک گراؤنڈ اسکور بورڈ کی طرح ہے۔ لیکن کہانی کو بہرحال کہا ہی جانا ہے۔

ایک بکھری کہانی کو کیسے بیان کیا جائے؟ یہ  سوال میرے دوسرے ناول کے مرکزی کرداروں میں سے ایک کردار ٹیلو- ٹیلوٹما نے  ۔۔۔ جو دہلی کے قبرستان میں ایک غیرقانونی قبرستان میں رہتی ہے، اپنی نوٹ بک پہ درج کیا تھا۔ وہ خود ہی اس کا جواب دیتی ہے: آہستہ آہستہ ڈھل کر ہر ایک شخص میں؟ نہیں ،بلکہ دھیرے دھیرے ڈھل کر ہر ایک شئے میں۔ ٹیلو ایک آرکیٹکٹ ، خاص چیزوں کو آرکائیوز کرنے والی، اور بستر مرگ پہ پڑے شخص کی سٹینوگرافر، ایک استاد اور انجان، غیر مطبوعہ کہانیوں کی مصنفہ ہے۔ اس کی نوٹ بک کے مندرجات لوگوں، جانوروں، جنات اور ارواح کے بارے میں مشاہدات ہیں، جن کے ساتھ وہ اپنی زندگی کے گوشے شئیر کرتی ہے۔ آج ہمارے گرد جو بحث و مباحثے زیر گردش ہیں ان کو دیکھتے ہوئے، ٹیلو کو شاید سختی سے اس کی اس طرح سوچنے کی عادت کو جھڑک دیا جائے۔ اس کو بتایا جائے گا کہ ؛ دھیرے دھیرے ہر کوئی بن جانا’ یا اس سے بھی بدتر ” ہر شئے ہوجانا” نہ تو عمل طور پہ درست ہے اور ہ ہی سیاس؛ طور پہ۔ جو کہ مطلق سچ ہے۔ تاہم ایک کہانی کار کے لیے، شاید یہ سب مسئلے نہیں ہوتے۔ ان زمانوں میں جو ہمارے زمانے کی طرح سراپا دیوانگی اور شکستہ ہوتے ہیں میں ‘ دھیرے دھیرے ہر شئے ہوجانے’ کی کوشش امکانی طور پہ ایک لکھاری کے لیے شروعات کرنے کے اعتبار سے اچھی جگہ ہے۔   

اے ایس: ناول لکھنے کے علاوہ، آپ ایک نامور مضمون نگار اور سیاسی ایکٹوسٹ بھی ہیں ۔ تو کیا آپ ایکٹوازم، فکشن اور نان فکشن کو ایک دوسرے کی توسیع مانتی ہیں؟ ایک کہاں سے شروع ہوت ہے اور دوسری کیاں پہ آپ کے نزدیک ختم ہوتی ہے؟

رائے: مجھے یقین نہیں ہے کہ میں استقلال، غیر متزلزل بے رحمی کی حامل ہوں جو مجھے ایک اچھا ایکٹوسٹ بنائے۔ میں سوچتی ہوں کہ ‘ ادیب’  قریب قریب ان اوصاف کا مالک ہوتا ہے،جن کی میں ہوں۔ مجھے نہیں لگتا کہ میرا فکشن اور نان فکشن ایک دوسرے کی توسیع یا ایکسٹنشن ہیں۔ وہ کافی حد تک الگ الگ ہیں۔ جب میں فکشن لکھتی ہوں، میں وقت لیتی ہوں۔ یہ آرام سے انتہائی فرصت کے ساتھ، غیر ضروری عجلت سے بچ کر کرنے کا کام ہوتا ہے اور اس سے مجھے بے پناہ شادمانی ملتی ہے۔ جیسا میں نے کہا، میں ایسی کائنات تخلیق کرتی ہوں جس کی سیر میرے قاری کریں۔ 

مضامین ہمیشہ ایک صورت حال جو لوگوں پہ مسلط ہورہی ہوتی ہے، فوری مداخلت کی طرح ہوتے ہیں۔ وہ دلائل، درخواستیں ہوا کرتی ہیں کسی شئے پہ مختلف طریقے سے دیکھنے کے لیے۔ میرا پہلا سیاسی مضمون ‘ تخیل کی موت’ 1998ء میں ہندوستان کے ایٹمی دھماکوں کے بعد لکھا گیا تھا۔جبکہ دوسرا ‘ عظیم تر مشترکہ مفاد’ سپریم کورٹ کی جانب نرمدا دریا پہ سردار سراوار ڈیم پہ ديے گئے حکم امتناعی اٹھائے جانے کے بعد لکھا گیا۔ میں نہیں جانتی تھی کہ وہ سلسلہ میری 20 سالہ مضمون نگاری میں بدل جائے گا۔ ان سالوں میں لکھنے، سفر کرنے، دلائل دینے، عدالتوں کے بلاوے اور یہاں تک کہ میرا جیل جانا اس سرزمین بارے میری سوجھ بوجھ کو گہرا کرےگا جہاں میں رہتی ہوں، اور جن لوگوں کے میں درمیان میں رہتی ہوں ان کے بارے میں نہ صرف میری سوجھ بوجھ گہری ہوگی بلکہ میں ان طریقوں سے سوچ پاؤں گی جن کا میں نے تصور بھی نہیں کیا ہے، اور میرے اندر تہہ در تہہ یہ فہم تشکیل ہوگی۔

ان بیس سالوں  میں جیسے میں رہی، ویسے نہ رہی ہوتی تو میں ‘دا منسٹری آف اٹ موسٹ ہیپی نیس؛ لکھنے کے قابل نہیں ہوتی۔ لیکن جب میں فکشن لکھتی ہوں تو سیاسی مضامین کے لکھنے کی طرح میں مقام منطق و استدلال و حقیقت سے نہیں لکھتی۔ فکشن تو سالوں کے اس غور وفکر سے آتا ہے جو ایک لائیو/براہ راست تجربہ ہوتا ہے جو بار بار ایسے ظاہر ہوتا ہے جیسے میری جلد پہ پسینہ۔ فکشن میں اپنی کھال سے لکھتی ہوں۔ وقت گزرنے کے ساتھ جب میں نے ‘ دا منسٹری آف اٹ موسٹ ہیپی نیس’ لکھنا شروع کیا، میں نے خود کوایک رسوبی چٹان کی طرح محسوس کیا جو اپنے آپ کو ناول میں بدل رہی ہو۔ 

اے ایس: ‘پاور پالیٹکس'(2001) میں، آپ نے لکھا: ” ایسا لگتا ہے کہ ہندوستان کے باشندوں کو اکٹھا کرکے ٹرکوں کے دو قافلوں میں سوار کردیا گیا ہے۔( ایک بڑا قافلہ ہے اور ایک ننھا منا سا ہے) اور ان دونوں الگ الگ متضاد سمت میں روانہ کردیا گیا ہے۔ ننھا منا سا قافلہ ایک آب و تاب والی منزل کے راستے پہ رواں دواں ہے جو کہیں ٹاپ آف دا ورلڈ ہے۔ جبکہ دوسرے قافلہ تو بس تاریکی ميں ڈوب کر گم ہوجاتا ہے،،،، اور ہم سے کچھ کے لیے ہندوستان میں زندگی ان دو قسم کے ٹرکوں کے قافلوں کے درمیان میں کہیں معلق ہونے جیسسی ہے، ہر ایک کانوائے میں میں سے کوئی ، اس کے حرکت کرنے پہ جیسے صفائی سے الگ کردیا گیا ہو، جسمانی طورپہ نہیں، بلکہ جذباتی اور دانشورانہ اعتبار سے۔” تو دنیا بھر کی اقوام جنھوں نے خود کو بے قابو اور انتہائی تیز رفتاری سے عالمگیریت اور نیولبرل ازم سے متعارف ہونے کے لیے کھول دیا ہے، کے لیے ، کیا آپ یہ کہتی ہیں کہ وہ جو ٹاپ آف دا ورلڈ کے لیے روانہ ہوئی تھیں کریش ہوگئی ہیں؟ اور ان کا کیا بنا ہے جو آہستہ آہستہ الگ کیے گئے؟

رائے: یہ ابھی کریش نہیں ہوئیں۔ لیکن ان کے پہیے جام ہوگئے ہیں اور انجن حد اعتدال سے گزرکر گرم ہوجگا ہے۔ جہاں تک ان کا تعلق ہے جو رفتہ رفتہ کھینچ کر الگ کردیے گئے، وہ دو کیمپوں میں بٹ گئے ہیں اور ایک دوسرے کو توڑنے میں لگے ہوئے ہیں۔ پرائم منسٹر نریندر مودی  دراصل کارپوریٹ ہندؤ نیشنلزم کی تجسیم ہے۔ بی جے پی کے اکثر ممبران کی طرح، وہ بھی راشٹریہ سوامیک سنگھ-آر ایس ایس کا رکن ہے، جو سب سے طاقتور ہندؤ نیشنلسٹ تنظیم ہے آج کے ہندوستان میں۔ بی جے پی آر ایس ایس کا حقیقت میں سیاسی بازو ہے۔ آر ایس ایس جس کی بنیاد 1925ء میں رکھی گئی، کا مقصد عرصہ دراز سے ہندوستانی آئین کو بدلنا بدل کر ہندوستان کو سرکاری طور پہ ایک ہندؤ راشٹریہ میں بدلنا ہے۔ مودی نے مرکزی سیاست میں اپنے کرئیر کا آغاز اکتوبر 2001 میں کیا تھا، جب اس کی پارٹی نے اسے (غیرمنتخب) چیف منسٹر برائے ریاست گجرات کے لیے میدان میں اتارا۔ فروری 2002ء میں(جب نائن الیون کے بعد اسلاموفوبیا پورے عوج پہ تھا) گجرات  میں منظم اور منصوبہ بند قتل عام ہوا۔ ہندؤ خدائی فوجدار بلوائیوں نے دن دہیاڑے مسلمانوں کا قتل عام کیا اور دسیوں ہزار کو ان کے گھروں سے بے گھر کردیا۔ چند مہینوں کے اندر ہندوستان کی  کئی ایک بڑی کارپوریشنوں کے سربراہوں نے اعلانیہ مودی کی حمایت کردی، ایک ایسا آدمی جس کا کوئی پولیٹکل ٹریک ریکارڈ نہیں تھا، اسے انہوں نے اپنا پرائم منسٹر چن لیا تھا۔ یہ شاید اس لیے ہوا کہ انہوں نے مودی کے اندر ایک فیصلہ ساز بے رحم سیاست دان کو تاڑ لیا تھا جو نئی معاشی پالیسیوں کو چلا سکتا تھا اور ملک سے احتجاجوں اور بے چینی کو ختم کرسکتا تھا۔ یہ سارے کام کانگریس پارٹی کی حکومت کرنے میں حیل و حجت سے کام لے رہی تھی اور وہ مسلسل کارپوریشنوں کے ساتھ باہم دلچسپی کی یادداشتوں پہ دستخط کرنے کے باوجود ان کو ٹالتی آرہی تھی۔ اس سارے عمل میں 12 سال لگے؛ مئی 2014ء میں، مودی بھاری اکثریت کے ساتھ پردھان منتری بنے۔ بین الاقوامی میڈیا اور سربراہان مملکت نے ان کو عالمی منظر نامے سے خوش آمدید کہا کیونکہ ان کو یقین تھا کہ یہ شخص بین الاقوامی سرمایہ کی منزل تک پہنچنے کے خواب کو ممکن کردینے والا ہے۔  

اگرچہ اس کے اقتدار میں آنے کے چند سال کے اندر ہی، اس کے ہردلعزیز کارپوریشن اور اس کے قریبی اتحادیوں کے خاندانوں نے اپنی دولت میں کئی گناہ اضافہ کرلیا تھا،مگر مودی اتنا بے رحم، چاک و چوبند آزاد معشیت کا بندہ ثابت نہ ہوسکا،جتنی انہوں نے امید لگائی تھی۔ اس کی وجوہات آئیڈیالوجی کی بجائے اس کی نااہلیت میں چھپی ہیں۔ مثال کے طور، نومبر 2016ء میں، رات گئے، وہ ٹی وی پہ آیا اور اس نے ‘ڈی مونیٹائزیشن’ کی پالیسی کا اعلان کردیا۔ اسی لمحے، 80 فیصد سے زایادہ ہندوستانی کرنسی نوٹ بے گار ہوگئے۔ اس کا مقصد کالے دھن کا ذحیرہ کرنے والوں پہ بجلی گرانا تھا۔ ایک ارب کی آبادی کا ملک ہالٹ کی پوزشن پہ آگیا۔ اس پیمانے پہ کسی حکومت نے ایسا کچھ نہیں کیا تھا۔ یہ تو بالکل ایک مطلق العنان آمر کی طرز کا گھمنڈ پہ مبنی اقدام تھا۔ کئی ہفتوں تک روز، اجرتی مزدور، ٹیکی ڈرائیورز، چھوٹے دکاندار لمبی قطاروں میں کھڑے رہے تاکہ اپنی تھوڑی بہت بچت پہ مبنی رقم کو نئے نوٹوں سے بدلواسکیں ساری کرنسی، کالی اور سفید دونوں ہی قریب قریب واپس بینکوں میں پہنچ گئی۔ یہ بہت بڑا بجٹ تھا اور بری طرح سے یہ پالیسی ناکام ہوگئی۔  

ڈی مونٹائیشن اور گڈز اینڈ سروسز پہ نئے بھاری ٹیکسز نے چھوٹے کاروباری اور عام آدمیوں کی ہوا خراب کردی۔ بڑے سرمایہ کاروں یا اکٹر عام لوگوں کے لیے، حکومت کی سائیڈ سے اسے ‘ کاروبار دوست’ بتانا خوفناک تھا۔ اس کا کھلے عام مطلب کل تھا کہ اس حکومت کے نہ تو کہے لفظوں کا اعتبار ہے اور نہ ہی یہ قانونی طور پہ اپنے اوپر کوئی بندش محسوس کرتی ہے۔

اے ایس:  لفظ ‘ ایمپائر/سلطنت’ اکثر خصوصی طور پہ مغربی یا امریکی مسئلے کے طور پہ لیا جاتا ہے۔ کیا آپ ہندوستان اور دوسری پوسٹ کالونیل اقوام کو نئے جیو پولیٹکل پیراہن میں سلطنت کی پرانی شکلیں اختیار کرتے دیکھتی ہیں؟ ‘دا منسٹری آف اٹ موسٹ ہیپی نیس’ میں، آپ نے ہمیں دکھایا ہے کہ کیسے ہندوستان کی حکومت نے نگرانی اور انسداد دہشت گردی کی ایسی حکمت عملیاں ترقی دے لی ہیں جو کہ اپنے سکوپ کے اعتبار سے مطلق العنان تو ہیں مگر بہت ہی نرمی سے اس کو بروئے کار لاتی ہیں ۔ ہم گلوبل ساؤتھ میں اب ایک ایمپائر کا سوچ سکتے ہیں ، خاص طور پہ ایسے وقت میں جب پوسٹ کالونیل اقوام اپنے پرانے نوآبادیاتی آقاؤن سے کہیں زیادہ اخلاقی طور پہ سنگدل ہیں؟

رائے: یہ دلچسپ ہے کہ جو ممالک اپنے آپ کو  جمہوریہ کہلاتے ہیں جیسے ہندوستان، اسرائیل امریکہ وہ فوجی قبضے چلانے میں مصروف ہیں۔ کشمیر دنیا میں سب سے  زیادہ ہلاکت خیز اور افواج کی موجودگی کے حوالے سے سب سے زیادہ گنجان علاقہ ہے۔ ہندوستان نوآبادی سے امپریل طاقت بتدریچ راتوں رات  میں بدل گیا ہے۔ جب سے انگریزوں نے آگست 1947ء میں ہندوستان چھوڑا،تب سے کوئی دن ایسا نہیں جاتا جب ہندوستانی فوج اور نیم  فوجی دستے اپنی ملک کی سرحدوں کے اندر اپنے ہی لوگوں کے خلاف تعینات نہ کیے گئے ہوں:میزورام، منی پور، ناگالینڈ، آسام، کشمیر،جموں،حیدرآباد، گوا، پنجاب، بنگال اور اب چھتیس گرذ،اڑیسہ، جھاڑکھنڈ۔ مارے جانے والوں کی تعداد دسیوں یا سینکڑوں ہزار میں ہے۔ یہ خطرناک شہری کون ہیںجوجو عسکری طاقت کے شکنجے میں گرفتار ہونا چاہتے ہیں؟ وہ آدی واسی/مقامی قبائلی، کرسچن، مسلم، سکھ، کمیونسٹ ہیں۔ جو پیٹرن ابھرتا ہے وہی خود بولتا ہے۔ جو یہ ظاہر کرتا ہے وہ واضح طور پہ یہ ہے کہ ایک اونچی جات کے ہندؤں کی ریاست ہے جو اپنے سے ہر ایک غیر اور دوسرے کو دشمن مانتی ہے۔ بہت سے تو ہنڈؤمت کو ہی بذات خود کالونیلزم کی شکل سمجھتے ہیں۔ آریاؤں کا دراوڑوں اور دوسرے مقامی باشندوں پہ حکومت کرنا ، جن کی تاريخ کے سب نقش کھرچ ڈالے گئے ہیں، جن کے شکست کھاگئے حکمرانوں کو ہندؤ دیومالا میں شکست خودرہ راکھششوں اور اسورا بدل دیا گیا۔ ان یدھوں/ جنگوں کی کہانیاں سینکڑوں لوک کہانیوں،مقامی گآؤں کے میلوں میں زندہ و جاوید جاری و ساری ہیں، جس میں ہندؤمت کے راکھشش دوسرے لوگوں کے دیوی دیوتا ہیں۔ اسی لیے میں  لفظ پوسٹ کالونیل سے سہمت نہیں ہوتی۔   

اے ایس: ٹرمپ کے زمانے میں انکار اور سماجی انصاف بارے گفتگو مین سٹریم ہوچکی ہے۔۔۔ بلکہ سوشل میڈیا ہیش ٹیگ اکثر ڈائریکٹ ایکشن کی بات کرتے ہیں اور کارپوریشنیں کثرت سے ‘اپ لفٹ/اوپر اٹھانا’ اور سماجی ذمہ داری/ سوشل ریسپانبلٹی کی بات کرتی ہیں،جبکہ ساتھ ساتھ وہ اپنی غیر اخلاقی کاروباری سرگرمیوں کو دگنا کرتی جاتی ہیں۔ کیا احتجاج آج کل اپنی قوت اثر۔ پوٹنشل کھوچکا ہے؟ اور ایسی فضا میں، کس قسم کا انحراف و انکار ایمپائر کی تنظیم و نیٹ ورک میں شگاف ڈال سکتا ہے؟

رائے: آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں۔ کارپوریشنیں خوشی کے میلے ،منحرفین(سٹیٹس کو) سیمناروں کی میزبانی اور ادبی میلوں کو سپانسر کررہی ہیں، جس میں جس میں تقریر کی آزادی کا شدت سے دفاع نامی گرامی ادیب کرتے ہیں۔ منحرف  ہونا دلکش اور نیا کارپوریٹ طریقہ ہے۔ اس کے بارے میں ہم کیا کرسکتے ہیں؟ جب امریکہ میں عظیم الشان شہری حقوق کی تحریک، ویت نام جنگ مخالف احتجاج بارے سوچتے ہیں، تو ہمیں یہ بات حیران کرتی ہے کہ کیا حقیقی احتجاج اب ممکن بھی رہا ہے؟ یقینی طور پہ ممکن ہے۔ میں گوٹنبرگ، سویڈن، میں تھی ، حال ہی می، جب دوسری عالمی جنگ کے بعد سے اب سب سے بڑے نازی مارچ ہوئے۔ نازی ،نازی مخالف احتجاج کرنے والوں سے زیادہ تھے، بشمول ناراض اینٹی فا تحریک والوں کے سے دس گنا زیادہ تھے۔ کشمیر میں، نہتے دیہاتی، فوجی گولیوں کا سامنا کرتے ہیں۔ بستار، سنٹرل انڈیا میں،  غربیوں کی مسلح جدوجہد نے دنیا کی کچھ سب سے بڑی کارپوریشنوں کو کام سے روک دیا ہے۔ لوگوں کی کامیابیوں کو سیلوٹ کرنا بنتا ہے، اگرچہ ان کامیابیوں کا اکثر ٹی وی پہ چرچا نہیں ہوتا۔ کم از کم جو لوگ ان کامیابیوں سے واقف ہیں، ان کو ایسا کرنا چاہئیے۔ لوگوں کو بے بس بنانا، بے طاقت محسوس کرانا اور امید سے خالی بتانا بھی پروپیگنڈے کا حصّہ ہے۔
By Muhammad Aamir Hussaini - 

راسپوٹین کی موت سعادت حسن منٹو

راسپوٹین کی موت
 سعادت حسن منٹو 

راسپوٹین دنیا کا سب سے بڑا گنہگار اور بدخصلت انسان جو روس میں پیدا ہوا، ولی سمجھا جاتا تھا، مگر درحقیقت وہ ایک شیطان تھا جس کے ہاتھوں زارِ روس کی عظیم الشان سلطنت برباد ہوئی اس کی گناہوں بھری زندگی اس قدر حیرت خیز ہے کہ اس پر کسی خیالی افسانے کا گمان ہوتا ہے۔

چھ فٹ دو انچ لمبے قد کا یہ گرانڈیل راہب جس کا سرگنبد نما تھا کئی سال روس پر اپنی شیطانی صفات کی بدولت حکمران رہا۔ اس کی حیرت انگیز قوت کاراز اس چیز میں مضمر ہے کہ ہپناٹزم میں اسے کمال حاصل تھا ۔ اس قوت کے ذریعہ سے وہ مضبوط سے مضبوط ترین آدمی کو بھی اپنا گروید ہ بنالیتا تھا۔ ہپناٹزم جاننے کے علاوہ علم کشف میں بھی اسے مہارت حاصل تھی چنانچہ اسی علم کی وساطت سے زارینہ سے اس کاتعارف ہوا۔

واقعات بتاتے ہیں کہ بہت جلد راسپوٹین نے زارینہ کو محصور کرلیا۔ اس کے علاوہ اس نے شاہی محل کی تمام پیش خادموں، زارینہ کی تمام خوبصورت سہیلیوں اور خاندانِ شاہی کی قریب قریب تمام بیگموں کو اپنا مرید بنالیا۔ یہ تمام عورتیں بہ رضا و رغبت اس کی خواہشوں کے سامنے جُھک گئیں۔ یہ بات بہت ہی شرمناک ہے مگر حقیقت سے کسی کو انکار نہیں ہوسکتا کہ خود زارینہ کو بھی آہستہ آہستہ اس کا یقین ہوگیا تھا کہ جب تک راسپوٹین کے ساتھ جسمانی گناہ کا ارتکاب نہ کیا جائے خدا کے ہاں نجات ممکن ہی نہیں عورتیں چھپ چھپ کر اور بھیس بدل کر اس شیطان راہب کے پاس جاتی تھیں ، نہیں معلوم کہ اس میں ایسی کون سی طاقت تھی کہ عورت سامنے آتے ہی بالکل مسحور اور بے بس ہوکر رہ جاتی تھی۔

پہلی جنگ عظیم شروع ہوچکی تھی۔ زار اورزارینہ کو یقین تھا کہ راسپوٹین خدا کی طرف سے اس لیئے آیا ہے کہ روس کو فتح و ظفر اور عزت و شان سے ہم آغوش کردے، لیکن راسپوٹین اصل میں جرمن جاسوس تھا اور اس کی کوشش یہی تھی کہ روس اپنے اتحادیوں سے جدا ہوکر جرمن سے صلح کرلے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ حد درجہ غلیظ ہونے کے باوجود راسپوٹین سے نہ زارینہ کوگِھن آتی تھی نہ کسی دیگر خاتون کو ۔ وہ بالکل غسل نہیں کرتا تھا ۔ اس نے کبھی منہ ہاتھ بھی نہیں دھویا تھا۔ اس کے بدن سے سخت بدبو آتی تھی اس کے لمبے لمبے ناخنوں میں ہر وقت میل بھرا ر ہتا تھا داڑھی اس کی بے حد مکروہ تھی جس کے بال میل اور چکناہٹ کے باعث آپس میں جمے رہتے تھے۔ بہت ہی بدتمیز تھا یورپی آداب کے خلاف ہاتھ سے کھانا کھاتا تھا۔ اور اپنی بھری ہوئی انگلیاں شہزادیوں کی طرف بڑھا دیتا تھا جو ان کو چوس کر صاف کردیتی تھیں۔

1916ء کے آخر میں روس کی ناگفتہ بہ حالت تھی ۔ ڈھائی سال سے ملک میں بدامنی اور قحط کا دور دورہ تھا ۔ فوجوں کے سپاہی اپنے وطن کی محبت کا جذبہ دل میں رکھتے تو تھے لیکن وہ ایک بے مقصد لڑائی لڑتے لڑتے اُکتا گئے تھے جس میں انہیں پیٹ بھر کر کھانا بھی نصیب نہیں ہوتا تھا۔ ان کو حکومت کی طرف سے پورے ہتھیار بھی نہیں دیئے جاتے تھے کہ وہ جرمنوں کا بہ طریقِ احسن مقابلہ کرسکیں چنانچہ فوجوں میں بددلی پھیل گئی اور 1916ء میں دس لاکھ روسی سپاہی بستر بوریا باندھ کر اپنے گھر چل دیئے۔

جب حالات اس درجہ مکدّر ہوگئے توشاہی خاندان کے مردوں کے کان کھڑے ہوئے چنانچہ گرانڈ ڈیوک تکوس اور میکائل کی سرکردگی میں ایک وفدزار کے پاس گیا۔ اور زارینہ کے چال چلن پر شبہ کا اظہارکیا اور درخواست کی کہ ملک کی بدحالی اور بدانتظامی دُور کرنے کے لیئے فوری طور پر کچھ کیا جائے۔ زار نے اس وفد کی کوئی بات نہ سنی چنانچہ اس کے رشتہ داروں نے سوچا کہ روس کو بچانے کے لیئے اب ایک ہی راستہ باقی رہ گیا ہے وہ یہ کہ خود کچھ کیا جائے۔ چنانچہ سینٹ پیٹرز برگ میں امراء نے شاہی محل کی آخری سازش کا انتظام کیا ۔ پروگرام میں سب سے پہلے راسپوٹین کا قتل تھا۔

 17دسمبر کی رات کو شاہزادہ یوسوپوف نے مجلس رقص وسُرور قائم کی اور راسپوٹین کو اس میں مدعو کیا۔ چونکہ راسپوٹین موسیقی کا دلدادہ تھا ۔ اس لیئے سازشیوں کو یقین تھا کہ وہ ضرور آئیگا۔

یوسوپوف:    شیطان آج ہمارے جال سے بچ کر نہیں جائے گا۔ پال ، تم نے زہر کی طرف سے اپنا اطمینان کرلیا۔
پال سیتپانوف:   کرچکا ہوں۔ چند قطرے ایک کتے کے حلق میں چوائے جو فوراً ہی مرگیا۔ اس کی لاش باہر صحن میں پڑی ہے۔
یوسوپوف:    آج اس رات اس کتے راسپوٹین کی لاش بھی اسی صحن میں پڑی ہونی چاہیئے۔۔۔ تمہارا خیال کیا ہے ، کہیں دعوت میں آنے سے انکار نہ کردے۔
پال سیتپانوف:   میرا خیال ہے انکار نہیں کرئے گا۔ اس لیئے کہ ہم اسے ایک معشوقہ کا لالچ بھی تو دے چکے ہیں۔
یوسوپوف:   میں بھول ہی گیا تھا۔ جب اس نے اس معشوقہ کے سراپا کی تعریف سنی ہوگی توپانی بھر آیا ہوگا، غلیظ شیطان کے منہ میں۔
پال سیتپانوف:   باقی لوگ کہاں ہیں۔
یوسوپوف:    سب اپنی اپنی جگہ پر مستعد ہیں ۔ تم بالکل بے فکر رہو۔
پال سیتپانوف:   ایسا نہ ہو کہ مجھے دیکھ کر ٹھٹک جائے۔ اس سے میری کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔
یوسوپوف:    تم بے فکر رہو میں سب ٹھیک کر لوں گا۔۔۔ اس سے کہہ دو ں گا کہ پال سیتپانوف اپنا آدمی ہے۔ غیر نہیں!
پال سیتپانوف:   اچھا یوں ہی سہی ۔۔۔ میرا تو دل دھڑک رہا ہے ۔ کم بخت کے اتنے افسانے سن چکا ہوں کہ اب وہ مجھے بُھوت معلوم ہوتا ہے۔
یوسوپوف:    دوست آج یہ بھوت نہیں رہے گا ۔۔۔ روس کی مقدس سرزمین پر آج اس کا ناپاک وجود نہیں رہے گا کیا ہم سب اس کا حلف نہیں اُٹھا چکے۔ اس غدار و دجّال اور گنہگار انسان کو مارنا بہت بڑا کارِ ثواب ہے۔
پال سیتپانوف:   اس میں کیا شک ہے۔
یوسوپوف:    دس بجنے والے ہیں۔ آؤ اب شراب میں زہر ملا دیں۔
پال سیتپانوف:   یہ دوبوتلیں ہیں۔ ان میں سے ایک میں یہ زہر گھو ل دو۔۔۔ دوسری بوتل میں کچھ نہ ڈالو مگر زہر والی بوتل پر نشان ضرور لگا دیناچاہیئے۔ ایسا نہ ہو کہ عین اس وقت پر گڑ بڑ ہوجائے۔
یوسوپوف:    میں نشان لگائے دیتا ہوں۔ اوّل تو اس کی بھی ضرورت نہیں۔ کیونکہ شراب کی طرح دونوں بوتلیں بھی مختلف ہیں۔
پال سیتپانوف:   اس میں ڈال دوں۔
یوسوپوف:    ڈال دو۔ اور اچھی طرح ملا دو۔

شراب میں زہر ملا دیا گیا۔ سب تیاریاں مکمل ہوگئیں۔ پرنس یوسوپوف کے گھر میں کئی آدمی چھپے ہوئے تھے۔ ان میں سے ایک نام پرنس منزی تھا اور دوسرا پال سیتپانوف۔ ان کے علاوہ ایک مشہور رقاصہ بھی تھی۔ جس کا لالچ راسپوٹین کودیا گیا تھا۔

سب انتظامات مکمل تھے مگر اندیشہ اس بات کا تھا کہ راسپوٹین کہیں پرنس یوسوپوف کی دعوت مسترد نہ کردے۔ وعدہ خلافی نہ کرجائے۔ رات کے گیارہ بج گئے۔ راسپوٹین نہ آیا۔ اب پرنس اور اس کے ساتھیوں کو سخت تشویش ہوئی۔

متری:  کہیں جاسوسوں نے اس کو ہماری سازش سے آگاہ تو نہیں کردیا۔

یوسوپوف:    نہیں ایسا نہیں ہوسکتا ۔ ہمارے سوا اس سازش سے اور کون آگاہ ہے۔ اگر اس کو پتہ چل گیا ہے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ ہم خود اس شیطان کے جاسوس ہیں۔

پال سیتپانوف:   سوال یہ ہے کہ وہ ابھی تک آیا کیوں نہیں۔

یوسوپوف:    کسی معشوقہ کے ہاں رُک گیا ہوگا۔

پال سیتپانوف:   ہوسکتا ہے کہ ایسا ہی ہو۔

متری:  حرا م زادے پر عورتیں یو ں ٹوٹتی ہیں جیسے شہد پر مکھیاں ۔

یوسوپوف:    آج آ جائے تو یہیں سارا چھتہ ہی نچوڑ دوں۔

پال سیتپانوف:   یوسوپوف! تم ٹیلیفون کرو اور اس کے گھر سے پتہ لو کہ کہاں ہے۔

یوسوپوف:    ٹھیک ۔ لو میں ابھی کرتا ہوں (نمبر ملتا ہے) ہیلو ۔۔۔ ہیلو۔۔۔ مقدس باپ کہاں ہیں؟ ۔۔۔ کیا کہا؟۔۔۔ چلے گئے؟۔۔۔ کب ؟ ۔۔۔ کہاں؟

(ٹیلیفون کا چونگا رکھ دیتا ہے)

پال سیتپانوف:   کہاں گیا؟

متری:  گھر میں نہیں ہے کیا؟

یوسوپوف:    خادم بتاتا ہے کہ مقدس باپ ٹھیک گیارہ بجے گھر سے نکل گئے تھے۔

متری:  مقدس باپ ۔۔۔ شیطان کا بچہ ۔۔۔ مقدس باپ !!

یوسوپوف:    ایسا نہ ہو کہ ہماری سازش یہاں دھری کی دھری رہ جائے۔

متری:  روس کی نجات اس وقت ناممکن ہے جب تک یہ شیطان زندہ ہے۔

اگر وہ آج نہ آئے تو اسے کل بلایا جائے اور کسی نہ کسی حیلے سے اس کا کام تمام ضرور کر دیا جائے۔

پال سیتپانوف:   سب انتظامات مکمل ہیں۔ ایسا موقع شاید ہی پھر کبھی ہاتھ آئے۔

یوسوپوف:    کچھ دیر اور انتظار کرلیتے ہیں۔ شاید آجائے۔

پال سیتپانوف: اگر اسے آنا ہوتا تو اب تک آگیا ہوتا۔ جہاں خوبصورت عورت، رقص و سُرود اور شراب کا سوال ہو وہاں وہ کبھی دیر نہیں کرتا۔ عین وقت پر پہنچا کرتا ہے۔

متری:  ہوسکتا ہے کہ ہماری دعوت میں اسے کوئی دلفریب بات نظر نہ آئی ہو۔

یوسوپوف:    دعوت کو دلفریب بنانے میں ہم نے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا۔ خوبصورت عورت، رقص ، شراب اور تخلیہ یہ سب چیزیں ہم اسے دعوت میں پیش کرچکے ہیں۔ اس کے یہاں نہ آنے کی کوئی اور ہی وجہ ہوگی۔

متری:  ٹھہرو۔۔۔ یہ تم نے آواز سُنی ۔

یوسوپوف:    وہ آگیا ۔۔۔ یہ آواز اسی کی موٹر کی ہے ۔ وہ آگیا ۔۔۔ اب تم سب تیار ہوجاؤ ۔۔۔ دیکھو ایسی بات نہ ہوکہ وہ تاڑ جائے۔

ٹھیک گیارہ بج کر بیس منٹ پر راسپوٹین کی موٹر دروازے پر آکر رُکی ۔ وہ اس میں سے اترا موٹر خفیہ دروازے پر روکی گئی تھی راہب کو بڑی احتیاط کے ساتھ اندر داخل کیا گیا کہ کوئی دیکھنے نہ پائے۔
راسپوٹین اسی وقت سیاہ جُبّہ پہنے تھا۔ جواہرات سے مرصع عظیم الشان طلائی صلیب اس کے سینے پر لٹک رہی تھی ۔ اندر داخل ہوکر اس نے اپنا بیش قیمت اوور کوٹ اتار دیا۔ باہرشدید قسم کی برف باری ہو رہی تھی اور سخت سردی تھی۔

یوسوپوف:    تشریف لے آیئے۔۔۔ بے کھٹکے اندر تشریف لے آیئے۔

راسپوٹین:    مجھے دیر ہوگئی۔

یوسوپوف:    خاص دیرتو نہیں ہوئی۔ زہے نصیب کہ آپ تشریف لے آئے ہیں۔

راسپوٹین:    جب تم نے بلایا تو مجھے آنا ہی پڑا۔۔۔ تمہاری دعوت سے انکار بھی ہوسکتا تھا جب کہ تم نے ۔۔۔ یہ کون ہے؟

یوسوپوف:    مقدس باپ ، آپ مطمئن رہیں ۔ خلوت کا یہاں پورا پورا بندوبست ہے۔ یہ پال سیتپانوف ہیں۔ میرے پرانے دوست ، ہم پیالہ و ہم نوالہ ۔۔۔ آؤ پال مقدس باپ کی زیارت کا شرف حاصل کرو۔

راسپوٹین:    (پال کی طرف شفقت آمیز نظروں سے دیکھتے ہوئے) تم سے مل کر مسرت ہوئی ہے۔

پال ستیپانوف:   یہ میری عین خوش نصیبی ہے۔

راسپوٹین:    بیٹھ جاؤ ۔۔۔ اس کرسی پر بیٹھ جاؤ۔

پال سیتپانوف:   (کرسی پر بیٹھ کر) آج پہلی مرتبہ آپ کے دیدار ہوئے ہیں۔۔۔ یہ شرف مجھے ہمیشہ یاد رہے گا ۔ آپ کی عظمت و بزرگی۔۔۔

راسپوٹین:    راسپوٹین کا یہ ادنیٰ ثبوت ہے کہ اگر نکولس دوم روس کا زار ہے تو میں عیسیٰ مسیح ہوں۔ میں روس کو اور تمام دنیا کو نجات دلانے آیا ہوں۔ زار اورز ارینہ میرے سامنے ادب سے جھکتے اور میرا ہاتھ چومتے ہیں، ان کے بچے مجھے سجدہ کرتے ہیں۔ میرا بہت بڑا مرتبہ ہے۔

پال سیتپانوف:   (مصنوعی طور پر متاثر ہوکر) اس میں کیا شک ہے مقدس باپ۔

راسپوٹین:    یوسوپوف وہ عورت کہاں ہے جس کا تم نے ذکر کیا تھا۔۔۔ وہ حسینہ جو اپنا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتی ۔ مگر مجھ سے تعارف کرنے کی خواہش مند ہے۔

یوسوپوف:    ابھی تک آئی نہیں مقدس باپ

راسپوٹین:    کیا وجہ ہے کہ اس کے نہ آنے کی۔ تمہارے بیان کے مطابق اسے میری ملاقات کا اشتیاق تھا۔؟

یوسوپوف:    جی ہاں ، بہت زیادہ اشتیاق تھا۔ اور میرا خیال ہے کہ بس اب آتی ہی ہوگی ۔۔۔ متری باہر اس کا انتظار کر رہاہے۔ میں جا کر دیکھتا ہوں۔

راسپوٹین:    جاؤ پرنس متری کو یہاں بھیج دو اورتم اس خاتون کا انتظار کرو۔

یوسوپوف:    بہت اچھا مقدس باپ (چلا جاتا ہے)

راسپوٹین:    پال ، اس عورت کو جس کا ذکر ابھی ہو رہا تھا ، کیا تم جانتے ہو!

پال سیتپانوف:   جانتا ہوں ۔۔۔ بہت اچھی طرح جانتا ہوں۔

راسپوٹین:    کیسی ہے؟

پال سیتپانوف:   بہت حسین عورت ہے اور ناچتی بھی خوب ہے۔ میں نے ایسی رقاصہ آج تک نہیں دیکھی۔

راسپوٹین:    خوب ۔ خوب ۔۔۔

پال سیتپانوف:   مقدس باپ، میں ہپناٹزم کے متعلق بہت کچھ سن چکا ہوں ۔ کہتے ہیں کہ ایسا علم موجود ہے، جس سے آدمی دوسروں کو مسحور کرلیتا ہے ۔ لیکن مجھے یقین نہیں آتا۔ اس لیئے کہ کوئی قابلِ یقین بات نظر نہیں آتی۔ صرف آنکھوں کے ذریعے ٹکٹکی باندھ کر کسی تندرست آدمی کو بے حس کردینا کہاں تک درست ہوسکتا ہے۔ اور پھر اس بے حس آدمی سے عجیب و غریب کام لینا ۔۔۔ میں کیا عرض کروں، کچھ سمجھ میں نہیں آتا ۔

ایک عجیب چکر میں پھنس جاتا ہوں جب اس علم کے متعلق سوچتا ہوں۔

راسپوٹین:    (ہنستا ہے) تم میری رائے پوچھنا چاہتے ہو؟

پال سیتپانوف:   جی ہاں!

راسپوٹین:    تم نے سنا ہوگا کہ میں ہپناٹزم کا عامل ہوں۔

راسپوٹین:    جی ہاں ۔ آپ کے متعلق یہ بات عام مشہور ہے۔

راسپوٹین:    جو بالکل غلط ہے۔۔۔ خدائے ذوالجلال نے مجھے جو قوت بخشی ہے اس کو لوگ جہالت اوربیوقوفی کے باعث ہپنا ٹزم سمجھتے ہیں اس نے مجھے برکت بخشی ہے اس نے مجھے ہدایت کار بنا یا ہے ۔ امن اور نجات کی کلید میرے ہاتھ میں دی ہے دنیا و آخر میں میرا مقام بلند ہے ۔ لوگ ان رفعتوں کو دوسرے رنگ میں دیکھتے ہیں وہ مجھے جادو گر سمجھتے ہیں۔ اس لیئے کہ وہ کم عقل اور جاہل ہیں۔ لیکن جو سمجھنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ اچھی طرح جانتے ہیں کہ میں خدا کا بھیجا ہواپیغمبر ہوں۔

(پرنس متری اندر آتا ہے)

راسپوٹین:    آؤ پرنس متری تمہارا انتظار کر رہا ہوں۔

متری:  میں اس خاتون کی راہ دیکھ رہا تھا مقدس باپ۔

راسپوٹین:    ابھی تک نہیں آئی!

متری:  جی نہیں، لیکن بس اب آیا ہی چاہتی ہے۔

راسپوٹین:    تو بیٹھ جاؤ میرے پاس ۔۔۔ بوتل کھولو، پیؤ اور پلاؤ

متری:  (پاس بیٹھ جاتا ہے اور زہر والی بوتل کھول کر راسپوٹین کے گلاس میں شراب انڈیلتا ہے) فرمایئے کتنی پیئیں گے ۔

راسپوٹین:    گلاس بھر دو ۔۔۔ پال کو بھی دو۔

متری:  (بوتل میز پر رکھ دیتا ہے) لو پال لو پال تم بھی لے لو۔۔۔ کیا سوچ رہے ہو؟

پال سیتپانوف:   میں سامنے تصویر کی طرف دیکھ رہا ہوں ۔۔۔ مصوری کا نادر نمونہ ہے ۔۔۔ مقدس باپ، آپ نے ملاحظہ فرمائی یہ تصویر۔

راسپوٹین:    (تصویر کی طرف دیکھتا ہے) منظر کشی خوب کی گئی ہے۔مجھے اس کا فریم بھی پسند آیا ہے (اس دوران میں پال سیتپانوف دوسری بوتل سے اپنے گلاس میں شراب انڈیل لیتا ہے۔ )

متری:  میں آرٹسٹ کا نام بھو ل گیا ہوں مجھے یوسوپوف نے بتایا تھا، بھلا سا نام ہے۔

پال سیتپانوف:   (گلاس اٹھاکر) مقدس باپ کی صحت کے لیئے۔

راسپوٹین:    (اپنا گلاس اٹھا کر لبوں کے ساتھ لگاتا ہے) متری تم بھی پیؤ (گلاس غٹاغٹ پی جاتا ہے)
متری:  حیرت ہے کہ وہ خاتون ابھی تک نہیں آئی۔

پال سیتپانوف:   (راسپوٹین کی طرف حیرت سے دیکھتے ہوئے)

یوسوپوف شاید ابھی تک اس کا انتظار کر رہا ہے۔

راسپوٹین:    آجائے گی۔۔۔ آج برف باری بھی تو بہت ہو رہی ہے۔

پال اور متری سخت متخیر تھے کہ راسپوٹین اتنا زہر پی چکا ہے ۔ جو بارہ آدمیوں کو ہلاک کرنے کے لیئے کافی ہے ۔ مگر اسے کچھ بھی نہیں ہوا۔ وہ بالکل تندرست تھا جیسے اس نے کبھی زہر پیا ہی نہیں۔ شراب پینے کے بعد اس نے میز پر سے بسکٹ اٹھا کر کھائے اورباتیں کرتا رہا بعض لوگوں کا بیان ہے کہ اس نے نظر بچا کر اپنا گلاس کانچ کے اس اگالدان میں انڈیل دیا تھا جو اس کے پاس ہی رکھا تھا مگر بعض لوگ یہ کہتے ہیں کہ نہیں اس نے سچ مچ زہر پیاتھا۔ بہرحال اس کے متعلق اختلاف ضرور ہے۔ پرنس یوسوپوف اور اس کے ساتھی اوپر کی منزل میں تھے ۔ اور دیر ہونے کے باعث سخت پریشان ہو رہے تھے ۔ انہیں یقین تھا کہ راسپوٹین زہر پیتے ہی مرجائے گا۔ جب بہت دیر ہوگئی اور پال اس کی موت کی خوشخبری سنانے کے لیئے نہ آیا تو یہ لوگ دبے پاؤں نیچے اترے اور کمرے کے پاس جاکر تعجب سے راسپوٹین کی باتیں سننے لگے ۔

راسپوٹین:    ایک گلاس اور رہے۔

پال:   لیجیئے(گلاس میں زہریلی شراب انڈیلتا ہے)

راسپوٹین:    (گلاس خالی کرکے ) آج سردی غضب کی ہے، خون منجمد ہوا جارہاہے۔ تین گلاس ختم کرچکا ہوں، ابھی تک بدن میں گرمی پیدا نہیں ہوئی۔۔۔ لیکن تم لوگ یوں آنکھیں پھاڑ پھاڑ کر میری طرف کیا دیکھ رہے ہو؟

پال:   کچھ نہیں ۔۔۔ کچھ نہیں

متری:  (گھبرا کر) یہ صریحاً جادوگری ہے۔

راسپوٹین:    (مسکرا کر ) کیا جادو گری ہے؟ ۔۔۔ جادو گری سب بکواس ہے۔ تم بہک رہے ۔۔۔ تمہیں ہو کیا گیا ہے۔

پال:   (اُٹھ کھڑا ہوتا ہے) خُدا کی قسّم یہ شخص جادو گر ہے۔۔۔

متری:  پال، پستول نکالو اور ملعون کا خاتمہ کردو، یہ زہر اسے ہلاک نہیں کرسکے گا۔

راسپوٹین:    (ہنستا ہے) تو مجھے زہر دیا گیا ہے ۔۔۔ دوستو! زہر مجھے ہلاک نہیں کرسکتا ۔۔۔ جس شخص کو حکمت الٰہی نے بھیجا ہے جس کو خُدا نے بے شمارقوتیں عنایت کر رکھی ہیں اس کی طرف کوئی آنکھ اُٹھا کرنہیں دیکھ سکتا۔۔۔ یہ زہر میرا بال تک بیکانہیں کرسکتا ۔۔۔(ہنستا ہے) جاؤ، یوسوپوف کے پاس جاؤ اور دیکھو کہ وہ حسین خاتون ابھی آئی ہے، یا نہیں (ہنستا ہے) اس کے بعد پھر مجھے ہلاک کرنے کی تجویز سوچنا ۔۔۔ خدا تم پر اپنی برکت نازل کرئے۔

متری:  پال اس شیطان کی تقریر نہ سُنو۔۔۔ اپنا کام کرو۔۔۔ اس کے رعب میں نہ آؤ۔

پال:   (اپنے حواس درست کرتا ہے اور جیب سے پستول نکال کر فائر کرتا ہے ) ایک دو، تین۔

راسپوٹین، کے سینے میں گولیاں اتار کر پال کمرے سے باہر نکلا۔ جہاں اسے پرنس یوسوپوف وغیرہ ملے ۔ پال نے ان سے کہا ۔ شیطان بالآخر جہنم رسید ہوگیا اب روس اس کے شرسے آزاد ہے ۔۔۔ چنانچہ یہ سب لوگ اوپر کی منزل میں شراب پینے لگے مگر تھوڑی ہی دیر میں انہیں نیچے کی منزل میں کچھ گڑ بڑ معلوم ہوئی۔ اتنے میں دروازہ کھلا اور راسپوٹین اندر داخل ہوا۔ ان سب کو یقین تھا کہ پھیپھڑے پر گولیاں کھا کر وہ مرکھپ چکا ہوگا۔ جب اسے زندہ دیکھا تو ان کے ہوش اُڑ گئے ۔ راسپوٹین خون میں نہایا ہوا تھا۔ لڑکھڑاتا ہوا وہ محل کے پھاٹک تک پہنچ گیا اور اسے کھولنے کی کوشش کرنے لگا۔

یوسوپوف:    متری کہیں سچ مچ یہ راہب خدا رسیدہ ہی تو نہیں؟

متری:  ہوسکتا ہے کہ خدا اس کی حفاظت کر رہا ہو۔

یوسوپوف:    زہر پی کر اور گولیاں کھا کر بھی کم بخت نہیں مرا۔

متری:  بڑا سخت جان ہے۔

پال:   کچھ سمجھ میں نہیں آتا۔

راسپوٹین:    (ایک ہاتھ سے اپنا زخم پکڑ کر جس میں سے خون جاری تھا) تم نے مجھے قتل کرنے کی پوری پوری کوشش کی ہے لیکن یہ دیکھو میں زندہ ہوں ۔۔۔ میں زندہ ہوں اور اسی طرح زندہ رہوں گا ۔ کوئی انسانی قوت مجھے ہلاک نہیں کرسکتی زہر اور یہ گولیاں مجھ پر کیا اثر کرسکتی ہیں (ہنستا ہے) تم لوگ بے وقوف ہو کیا اب بھی تمہیں میری عظمت پر شک ہے کیا اب بھی تم مجھے ہلاک کرنے کی ناکام سعی کرتے رہو گے۔۔۔ پھاٹک کھول دو۔ میں باہر جانا چاہتا ہوں اور عنقریب خدا مجھے تم سے انتقام لینے کا موقع عطا کردے گا۔

پال:   متری، دُوڑو۔ اس ملعون کی پیٹھ میں اپنا خنجر دستے تک اُتاردو۔ اس کی باتوں میں نہ آؤ۔ یہ خدا رسیدہ بزرگ نہیں شیطان ہے جو ہمیں مرعوب کرنا چاہتاہے۔

راسپوٹین:    تم بے وقوف ہو تمہارا زہر اورتمہاری گولیاں مجھے ہلاک نہ کرسکیں۔ یہ خنجر میرا کیا بگاڑے گا؟ ۔۔۔ آؤ اس کو بھی آزما دیکھو۔

پال:   متری خدا کے لیئے اس کی باتیں نہ سنو! یہ ہم پر جادو کرنا چاہتا ہے ۔ دوڑو جانے نہ پائے ۔۔۔ لاؤ خنجر مجھے دو۔

راسپوٹین نے جب دروازہ کا ہتا گھمایا تو پال کو جوش آگیا۔ وہ خرافات کا قائل نہ تھا ۔ خنجر لیکر تیر کی طرح دوڑا اور راسپوٹین کی پیٹھ میں دستے تک اُتار دیا ۔ اب روس کا یہ دجّال راہب آخری بار لڑکھڑا یا اورفرش پر اوندھے منہ گر پڑا۔ کہتے ہیں کہ جب اس کی لاش اُٹھا کر ان لوگوں نے دریا میں پھینکنا چاہی تو اس وقت بھی راسپوٹین کے جسم میں جان کی رمق باقی تھی ۔۔۔ جب اس کو دریابُرد کیا گیا تو ان لوگوں نے اطمینان کا سانس لیا ۔۔۔ کیونکہ اب واقعی 
راسپوٹین رُوس کا مہیب بھوت مرچُکا تھا۔

سوشل میڈیا سے لی گئی تحریر

Marketing

*Marketing*
ہم مارکیٹنگ کی اس ایج میں زندہ ہیں جس میں ٹیلی ویژن کا اشتہار یہ فیصلہ کرتا ہے مجھے کون سا ٹوتھ پیسٹ استعمال کرنا چاہیے، مجھے کس کمپنی کی چائے، دودھ، چینی، انڈے، شیمپو، صابن، ڈٹرجنٹ پاﺅڈر، پانی، فریج اور اے سی خریدنا چاہیے، اور مجھے کس موٹر سائیکل پر بیٹھ کر زیادہ فرحت محسوس ہوگی وغیرہ وغیرہ ...

 یہ مارکیٹنگ ہی ہے جو کھچڑی کو رائسینیا،  آلو کے چپس کو فرنچ فرائز، چھلی کو کارن سٹک، لسی کو یوگرٹ شیک اور برف کے گولے کو آئس بال بنا دیتی ہے۔ کمپنی اپنی مارکیٹنگ کے زور پر دس روپے کی چیز ہزار روپے میں فروخت کرتی ہے اور گاہک کو اعتراض کی جرات تک نہیں ہوتی۔۔۔۔
  یہ مارکیٹنگ صرف کمپنیوں تک  ہی محدود نہیں ہوتی مارکیٹنگ کی ضرورت انسانوں اور ملکوں کو بھی ہوتی ہے۔ مثلاً آپ اسامہ بن لادن، صدام حسین، کرنل قذافی  کی مثال لے لیں۔ یہ چاروں مارکیٹنگ کا تازہ ترین ثبوت ہیں۔ امریکا نے دس سال اسامہ بن لادن، صدام حسین اور کرنل قذافی کی نیگیٹو مارکیٹنگ کی۔ یہ ان تینوں کو سولائزیشن کے لئے عظیم خطرہ ثابت کرتا رہا، یہاں تک کہ پوری دنیا نے انہیں ولن تسلیم کر لیا۔
امریکا نے اس نیگیٹو مارکیٹنگ کی آڑ میں پوری دنیا کا نقشہ، پوری دنیا کی فلاسفی بدل دی۔ دنیا تیسری عالمی جنگ کے دھانے پر پہنچ گئی لیکن یہ دنیا "تین عظیم ولن" کی ہلاکت پر امریکا کےلئے تالیاں بجاتی رہی ...

آپ بھارت کی مثال بھی لے لیجئے، بھارت ممالک کی مارکیٹنگ کا خوفناک ثبوت ہے۔ بھارت کے نیشنل ڈیٹا سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں 2016ء میں سب سے زیادہ بم دھماکے بھارت میں ہوئے، بھارت کی دس ریاستوں چھتیس گڑھ، مغربی بنگال، (ہمارا) مقبوضہ کشمیر، کیرالہ، منی پور، اڑیسہ، تامل ناڈو، آندھیرا پردیش، پنجاب اور ہریانہ میں پچھلے سال 337 بم دھماکے ہوئے۔ یہ تعداد 2015ء کے مقابلے میں 26 فیصد زیادہ تھی 2015ء میں بھارت میں 268 دھماکے ہوئے تھے۔ عراق 2016ء میں دوسرے نمبر پر رہا۔ وہاں 221 دھماکے ہوئے۔ پاکستان کا نمبر تیسرا تھا، یہاں 161 دھماکے ہوئے۔ جبکہ افغانستان 132 دھماکوں کے ساتھ چوتھے ترکی 92 دھماکوں کے ساتھ پانچویں، اور تھائی لینڈ 71 دھماکوں کے ساتھ چھٹے نمبر پر رہا۔ بھارت کے اپنے اعدادوشمار کے مطابق بھارت میں دس برسوں سے ہر سال اوسطاً 227 دھماکے ہوتے ہیں، لیکن آپ کمال دیکھئے بھارت اس کے باوجود "شائننگ انڈیا" ہے
یہ دنیا میں سیاحت، موسیقی، فلم، انڈسٹری اور اسپورٹس کا بڑا مرکز ہے۔ وہاں کامن ویلتھ گیمز بھی ہوتی ہیں، ورلڈ کپ بھی، اور آئی پی ایل بھی۔ بھارت میں میچز کے دوران پورا صوبہ فوج کے حوالے کر دیا جاتا ہے، لیکن کوئی انڈیا کی طرف انگلی نہیں اٹھاتا۔ جبکہ تیسرے نمبر پر ہونے باوجود دنیا پاکستان کو خطرناک ترین ملک سمجھتی ہے، یہاں ایک دہائی سے کرکٹ اور سیاحت بند ہیں۔ دنیا کے خوف کا یہ عالم ہے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے نمائندے دوبئی میں بیٹھ کر پاکستانی حکام سے میٹنگ کرتے ہیں۔ یہ کیا ہے اور یہ کیوں ہے، ہم نے کبھی سوچا ...؟

بھارت دنیا میں سب سے زیادہ بم دھماکوں کے باوجود کیوں شائننگ ہے، اور ہم تیسرے نمبر پر ہونے کے باوجود دنیا کا خطرناک ترین ملک کیوں ہیں ...؟

میرا خیال ہے ہم مارکیٹنگ میں مار کھا رہے ہیں ہمارا پرسیپشن خراب ہے، ہمیں ہرحال میں مارکیٹنگ کی اچھی ٹیم چاہیے ایک ایسی ٹیم جو ہماری کھچڑی کو رائسینیا بنا 
دے .....

نامعلوم

کیا ہندو ہونا جرم ہے؟

کیا ہندو ہونا جرم ہے؟ تحریر: مکیش میگھواڑ میں نہیں چاہتا کہ میں صرف ایک خاص مذہبی پہچان کے ساتھ اس ملک میں رہوں، یا مجھے صرف ایک مذہ...