Sunday, January 13, 2019

پولیس POLICE کا مطلب کیا ؟

پولیس POLICE کا مطلب کیا ؟

خواب اور خیال /پرکاش سونی

شہریوں کی جان و مال عزت و ناموس  اور قومی املاک کی حفاظت کی غرض سے دنیا کو پولیس کا نظام  مسلم ریاست مدینہ نے دیا ٠  اس بارے میں دو روایات ملتی ہیں پہلی روایت یہ ہے کہ  حضرت عمر فاروق رضہ نے پولیس فورس کا قیام عمل میں لایا جبکہ دوسری روایت میں ہے کہ یہ نظام حضرت امیر معاویہ رضہ نے نافذ کیا ٠   بہرحال یہ نظام دنیا کیلیٸے ایک بہترین تحفہ ہے ٠   چوں کہ پولیس کی ابتدا عرب ریاست سے ہوٸی اس لیۓ اس کا عربی میں کوٸی دوسرا نام ہوگا  لیکن اس وقت دنیا بھر میں چند ایک ممالک کے سوا ہر جگہ پولیس نظام قاٸم ہے٠


پولیس اس وقت پوری دنیا میں انگریزی لفظ میں   مستعمل ہے  .  POLICE   جن الفاظ کا مخفف ہے اور ان کے جو معانی ملتے ہیں وہ کچھ اس طرح ہیں ٠   Polite بمعنی شاٸستہ مہذب  خوش اخلاق اور خوش مزاج  Obedient یعنی  مطیع فرمانبردار  تابع اور حکم بردار  Loyal  بمعنی خیر خواہ  باوقار  اور فرض شناس   Intelligent  کے معنی عقلمند  فہیم  ذہین اور ہوشیار   Courageous یعنی بہادر  دلیر  حوصلہ مند  اور Efficient بمعنی  مٶثر  قابل لاٸق اور اثر پذیر کے ہیں 

اس کے علاوہ پولیس دیگر انگلش الفاظ کا بھی مخفف ہے اور وہ بھی مناسب اور موزوں لگتا ہے اور وہ یہ ہے ٠
Public officer  for leagal invistigations & criminal Emergencies .  
یعنی ایسا عوامی آفیسر جو قانونی تحقیقات اور مجرمانہ ہنگامی صورتحال سے  نمٹتا ہے ٠     اور حقیقت میں پولیس کے شعبے میں ایسی ہی خداداد صلاحیت کے حامل مرد و خواتین پولیس افسران اور اہلکاروں کی ضرورت ہے ٠   اس وقت ترقی یافتہ ممالک میں تو پولیس اہلکاروں اور افسران کی کی کارکردگی قابل رشک اور قابل تحسین ہے مگر ترقی پذیر ممالک یا تیسری دنیا کےممالک جن میں  پاکستان بھی شامل ہے پولیس کی مجموعی کارکردگی قابلِ افسوس ہے٠ 

برطانیہ سمیت یورپ و دیگر ترقی ممالک میں پولیس ایک آزاد اور خودمختار ادارہ ہے  ٠  جہاں ضرورت پڑنے پر پولیس کا ایک عام اہلکار بھی ملک کے صدر اور وزیر اعظم کی گاڑی روک بھی سکتا ہے اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ بھی کر سکتا ہے اور گاڑی کو چالان بھی کر سکتا ہے ٠   ضرورت پڑنے پر ایک چھوٹا سا پولیس آفیسر  برطانیہ کے وزیراعظم کی تفتیش بھی کر سکتا ہے اور پوچھ گچھ بھی کر سکتا ہے اور اس کے گھر کی تلاشی بھی لے سکتا ہے ٠  ایسی صورت میں وزیراعظم نہ صرف بُرا نہیں مناتا ہے بلکہ وہ قانون کے احترام میں  اس پولیس آفیسرسے مکمل تعاون کرتا ہے ٠  پولیس آفیسر اور اہلکاروں کو  اس عمل کے دوران اپنے صدر یا وزیراعظم وغیرہ سے کسی بھی قسم کا خوف اور خطرہ  محسوس نہیں ہوتا ٠ اس کو اپنے ملکی آٸین اور قوانین پر بھرپور اعتماد ہوتا ہے ٠ 

پاکستان سمیت تیسری دنیا  یا ترقی پذیر ممالک کی پولیس  فرسودہ نظام کے باعث ایک طرف خود اپنے حکمرانوں سے خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہے تو دوسری جانب اسی نظام کے باعث ملک کا عام شہری اپنے ملک اور ریاست کی پولیس سے خوف اور عدم تحفظ کے احساس کا شکار ہے ٠  ہمارے یہاں وزیر اعظم اور صدر مملکت تو درکنار  پولیس اہلکار کسی وزیر مشیر اور کمشنر  یا ایم پی اے اور ایم این اے وغیرہ کی تلاشی لینے چالان کرنے یا گرفتار کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتا ٠   ابھی یہ 2 برس کی ہی بات ہے کہ 2017  میں کوٸٹہ میں پشتونخواہ پارٹی کے رکن صوباٸی اسمبلی عبدالمجید اچکزٸی نے غرور اور تکبّر میں ٹریفک اہلکار پر گاڑی چڑھادی جس سے وہ موقع پر ہی جانبحق ہو گیا اور اس ایم پی اے  کا ہمارا کچھ بھی نہ بگاڑ سکا ٠   ہمارے یہاں ایک طرف پولیس اہلکار اور افسران کو طاقتور شخصیات کی تفتیش پر مختلف طریقوں اور حربوں سے قتل کر کے راستے سے ہٹایا جاتا ہے  تو دوسری جانب ہماری پولیس طاقتوروں کے ایما پر اپنے وقت کی  وزیراعظم بینظیر بھٹو کے بھاٸی  میر مرتضیٰ بھٹو کو دن دہاڑے قتل کر دیتی ہے ٠    اپنے دٶر کے طاقتورترین چیف جسٹس افتخار چودھری کا گریبان پکڑ کر دھکے دیتی ہے ٠ جبکہ جعلی مقابلوں میں اپنی ریاست کے کمزور شہریوں  کو قتل کرنے کا معمول عام ہو چکا ہے ٠  جبکہ ایک جاگیردار کا بیٹا کراچی میں ایک ڈی ایس پی کی بیٹی سے چھیڑ خوانی پر اس کے بھاٸی کی جانب سے  مزاحمت کرنے پر فاٸر کر قتل کر دیتا ہے ٠ 

سندھ اور پنجاب میں پولیس کے مظالم اور زیادتیاں بھی عام ہیں  سندھ میں زیادہ تر پولیس کے مظالم اور زیادتیوں سے تنگ آ کر متاثرہ افراد ڈاکو بن جاتے ہیں اور پھر وہ سراپا انتقام بن کر پولیس کو ٹارگٹ بناتے ہیں  اس حوالے سے ماضی میں سندھ میں بدنام زمانہ ڈاکو پرو چانڈیو اور ماسٹر کھوسو مشہور ہیں ٠   سندھ میں پولیس عام شہریوں کیلیٸے خوف اور دہشت کی علامت بنی ہوٸی ہے ٠ 

مجموعی طور پر پاکستانی پولیس ظالم بھی ہے مظلوم بھی ہے ٠  یہاں ایسا نظام ہے کہ یہی پولیس  اپنے حاکم کے حکم پر محترمہ نصرت بھٹو محترمہ بینظیر بھٹو   اور عوامی شاعر حبیب جالب پر سرعام سڑکوں پر لاٹھیاں برساتی ہے ٠  ماڈل ٹاٶن لاہور میں  لاٹھی اور گولی دونوں چلاتی نظر آتی ہے ٠  یہی پولیس کبھی نواز شریف اور شہباز شریف کے حکم کی تعمیل کرتی ہے تو کبھی  جنرل مشرف اور ابھی عمران خان   عثمان بزدار اور چودھری فواد کے حکم پر نواز شریف اور شہباز شریف پر حکم چلاتی ہے ٠    عمومی طور پر ہماری پولیس کو ریموٹ کنٹرول کی طرح چلایا اور استعمال کیا جا رہا ہے ٠  پولیس کا جو اصل فرض ہے اور جو اصل ذمیداری ہے وہ اس کو کرنے نہیں دیا جاتا ٠ 

کرپشن کے حوالے سے  بھی ہماری پاکستانی پولیس  بہت بدنام ہے ٠   حالانکہ پولیس میں دیانتدار فرض شناس اور بااصول اور بہادر آفیسر  اور اہلکار بھی پاٸے جاتے ہیں ٠  وہ اپنی خواہشات اور ضروریات اور ہر قسم کے تعلقات پر اپنے فرض کو مقدّم اور مسلّم سمجھتے ہیں اور فرض پر قربان بھی ہو جاتے ہیں  ٠ جن کی فرض شناسی اور قربانیوں کی وجہ سے   پولیس کا وقار قاٸم رہتا ہے ٠ 

اس مثبت پہلو کے باوجود     پولیس میں کرپشن بھی بہت ہے ٠  یہ کوٸی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے کہ ہمارے ملک کے اکثر پولیس تھانے  پولیس چوکیاں اور جیلیں فروخت ہوتی ہیں ٠   ڈی آٸی جی اور ایس ایس پیز کو اپنے ایس ایچ اوز یا جیل سپرنٹنڈنٹس  سے  ” ماہانہ “ وصول کرتے ہیں  جو لاکھوں اور کروڑوں میں ہوتے ہیں ٠  جب ایسی صورتحال ہو تو لازمی طور پر ایس ایچ اوز اور جیل سپرنٹنڈنٹس    اپنے حکام بالا کی  منتھلی پوری کرنے کیلیٸے ہر ناجاٸز حربہ استعمال کرتے ہیں اور پھر اپنے لیٸے بھی  محنت کرتے ہیں ٠   جبکہ اس کے برعکس دیانتدار ڈی آٸی جیز اور  ایس ایس پیز یا ڈی پی اوز بھی ہیں لیکن  ان کی تعداد بہت کم ہے ٠ 

ہمارا سیاسی اور پولیس نظام ایسا ہے کہ  پولیس افسران اپنی پُرکشش پوسٹنگ کیلیۓ ایم پی اے اور وزرا  کے در پر حاضری دیتے ہیں  اور پھر ان کی پوسٹنگ کیلیۓ  ایم پی ایز اور وزرا  یا مشیر  صاحبان وزیر اعلیٰ کے در پر حاضری دیتے ہیں ٠   آٸی جی پولیس  چونکہ ارکان اسمبلی یا وزرا کو خاطر میں نہیں لاتے  اس لیۓ  وہ  وزیر اعلیٰ کی خدمت میں حاضر ہوتے ہیں ٠  من پسند پوسٹنگ کے بعد  متعلقہ وزیر یا ایم پی اے   ایس پی اور ایس ایچ او اپنے علاقہ کا بادشاہ بن جاتے ہیں ٠  ایسی صورت میں کرپشن اور زیادتیوں کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے ٠ قانون صرف کتابوں میں محفوظ ہوتا ہے اور پھر پولیس اپنے اصل فرض اور مقصد سے ہٹ جاتی ہے ٠ 

ضرورت اس امر کی ہے کہ  پولیس میں اصلاحات لاٸی جاٸیں ٠ پولیس کو سیاسی و دیگر بیرونی قوتوں کی مداخلت سے  آزاد کیا جاۓ ٠  تمام بھرتیاں تقرّریاں تعیناتیاں اور تبادلے میرٹ پر کیۓ جاٸیں تو پھر لازمی طور پر ہماری پولیس کا شمار دنیا کی بہترین پولیس میں ہوگا  ٠ قانون کی بالادستی قاٸم ہو جاۓ گی  ٠ پولیس کا وقار بلند ہوگا اور پولیس اپنے اصل فراٸض بہتر طور پر سرانجام دینے کے قابل ہو جاۓ گی

No comments:

Post a Comment

کیا ہندو ہونا جرم ہے؟

کیا ہندو ہونا جرم ہے؟ تحریر: مکیش میگھواڑ میں نہیں چاہتا کہ میں صرف ایک خاص مذہبی پہچان کے ساتھ اس ملک میں رہوں، یا مجھے صرف ایک مذہ...