.....اور ککڑ چوری ہوگیا
پچھلے موسم گرما کی بات ہے. ہم گھر کے دالان میں مچھروں سے امن و امان کی ممکنہ صورتوں پہ بحث کرنے کے ساتھ ساتھ واپڈا والوں کو اچھے الفاظ میں یاد کر رہے تھے کہ ایسے میں حاجی یعقوب کی منجھلی صاحبزادی کا پیغام موصول ہوا. پتہ چلا کہ حاجی صاحب کا پڑوسی کے ساتھ دنگا ہوگیا ہے.لڑائی جھگڑوں میں چونکہ ہماری ریپوٹیشن بزدلی کی حد تک اچھی ہے اس لئے صاحبزادی نے مجھے پیغام بھیجا کہ بھائی آپ آجائیں نہیں تو ابا حضور اور قدوسی صاحب کے بیچ ہاتھا پائی ہوجائے گی. ہم بھاگم بھاگ وہاں پہنچے تو حالات دگرگوں پائے. وہاں پہلے تو دونوں اطراف سے ہماری کوئی بات سنے بغیر ہمیں دونوں قبیلوں کا شجرہء نسب زریں حروف میں سننے کو ملا. تاریخ کے اس نادر سبق کے بعد جب صورتِ حال سمجھنے کی کوشش کی تو پتہ چلا کہ حاجی صاحب کا اصیل مرغا چوری ہوگیا ہے. اب یہ واقعی سنجیدہ بات تھی کیونکہ وہ ککڑ بقولِ حاجی صاحب کے مرغوں کی اُس نسل سے تھا جو احمد شاہ ابدالی کی فوج جاسوسی کے لئے استعمال کرتی تھی. بات مزید کھلی تو پتہ چلا کہ حاجی صاحب اپنے پڑوسی قدوسی صاحب کے چرسی لونڈے پہ شک کر رہے ہیں. مذکورہ بالک کا ایسی کارروائیوں میں اپنا ایک نام تھا. بزرگانِ دین سے یہ بھی سنا ہے کہ اس چھوکرے کو مرغوں اور مرغیوں کو رام کرنے کا کالا علم آتا ہے. ورنہ جوان مرغے یا مرغی کو پکڑنا ہمالہ سر کرنے کے برابر ہے. بات شک تک ہوتی تو صورتحال قابو میں آجاتی. لیکن یہاں حاجی صاحب بروقت جوابی کارروائی کرنے کے قائل ہیں. ہوا یوں کہ جب ککڑ دو دن تواتر سے غائب رہا تو حاجی صاحب نے پچھلی دوپہر کو جب قدوسی صاحب بمع اہل و عیال کے مکئی کی روٹی ڈکار کے قیلولہ فرما رہے تھے، اپنے بڑے لڑکے کے ساتھ مل کر ان کے گھر کی دیوار پھلانگی اور قدوسی صاحب کی دودھیل بکری کھول کے لے گئے. قدوسی صاحب بکری کی تلاش میں نکلے تو اسحٰق نسوار فروش سے آگاہی ملی کی بکری آخری بار حاجی یعقوب کے ہمراہ دیکھی گئی ہے. قدوسی صاحب بکری لینے آئے تو حاجی صاحب اَڑ گئے. مکمل انجان بنے رہے. ہمارے آنے تک معاملہ کافی گرم ہوچکا تھا. قدوسی صاحب ککڑ سے بے خبر اور حاجی صاحب کو بکری کا کوئی پتہ نہیں. تاؤ میں آکر حاجی صاحب نے کہا کہ آپ کی بکری اور میرے ککڑ کا عرصہ دراز سے معاشقہ چل رہا تھا. قصور سراسر بکری کا تھا کیونکہ موصوفہ 6 بچوں کی امی واقع ہوئی تھیں اور ککڑ ابھی بلوغت کی حدود میں قدم رکھ رہا تھا. یہی وجہ تھی کہ پاس پڑوس کی مرغیوں نے حاجی صاحب کے گھر میں انڈے دینے چھوڑ دئیے تھے. مرغیاں عفت مآب واقع ہوئی تھیں. مطلب حاجی صاحب کا یہ تھا کہ بکری ککڑ کو بہلا پھسلا کر بھگا لے گئی ہے اپنے ساتھ. بہرحال ہم نے دونوں اصحاب کو ٹھنڈا کرکے گھر بھیج دیا. قدوسی صاحب کے لڑکے کے ساتھ ذاتی ملاقات کرکے اس کی جیب میں اپنی جیب سے پانچ سو کا نوٹ ٹھونس دیا. تب جاکے اُس بدبخت نے ککڑ کا پتہ بتا دیا. یہ تو اچھا ہوا کہ اس دور اندیش نے ابھی فروخت نہیں کیا تھا. ورنہ اس کا تاوان بھی ہمیں بھرنا پڑتا. اگلے دن ہم ککڑ کو بغل میں دبا کے حاجی صاحب کے ہاں چھوڑ آئے. بکری بازیاب کرائی اور اس کو قدوسی صاحب کے حوالے کر آئے. قدوسی صاحب بھلے آدمی ہیں. اسی بکری کا دودھ گرم کرکے پلایا. البتہ ککڑ کی سائیڈ سے کچھ حصول نا ہوا.
No comments:
Post a Comment